سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے سندھ انٹیگریٹڈ انوائرمنٹل مانیٹرنگ اینڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرادیا

بدھ 23 ستمبر 2026 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2026ء) سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ ٹیکنالوجی نمائش میں ڈیجیٹلائزیشن اورسندھ انٹیگریٹڈ انوائرمنٹل مانیٹرنگ اینڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرادیاجس کا مقصد صوبے بھر میں ماحولیاتی گورننس، نگرانی اور عوامی خدمات کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنا ہے۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ سیپا کو ڈیجیٹل ماحولیاتی گورننس کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی منظوریوں، این او سیز، صنعتی رجسٹریشن، انسپیکشن، شکایات اور ریکارڈ مینجمنٹ کے عمل کو تیز، شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔اس پلیٹ فارم کے ذریعے ماحولیاتی لائسنس کی آن لائن درخواست و تجدید، این او سی پراسیسنگ، صنعتی رجسٹریشن و کمپلائنس مانیٹرنگ، ماحولیاتی شکایات کا اندراج و ٹریکنگ اور انسپیکشن مینجمنٹ کو ایک مربوط نظام میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

نظام کے تحت صنعتی اداروں کی جی آئی ایس میپنگ، حقیقی وقت میں ماحولیاتی ڈیٹا کی نگرانی اور ڈیجیٹل دستاویزات و تاریخی ریکارڈ تک فوری رسائی ممکن ہوگی جس سے ماحولیاتی معاملات میں ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا۔ سیکریٹری ماحولیات نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کثیر لسانی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو انگریزی، اردو اور رومن اردومیں رہنمائی فراہم کرے گا، جبکہ درخواست گزار اپنی درخواستوں اور شکایات کی پیش رفت آن لائن ٹریک کر سکیں گے۔

ڈیجیٹل نظام سے کاغذی کارروائی اور غیر ضروری دفتری چکروں میں کمی آئے گی، کاروباری و صنعتی اداروں کے لیے ریگولیٹری عمل آسان ہوگا اور شہریوں کو ماحولیاتی خدمات تک تیز اور شفاف رسائی حاصل ہوگی۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے درخواست گزاروں کو اپنی درخواستوں کی صورتحال اور پیش رفت سے متعلق بروقت معلومات دستیاب ہوں گی جبکہ ماحولیاتی شکایات کے اندراج سے لے کر ان کے ازالے تک پورا عمل شفاف انداز میں ٹریک کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیپا کی ڈیجیٹلائزیشن سے حکومتی اداروں کو بہتر مانیٹرنگ، خودکار ورک فلو، مرکزی ماحولیاتی معلوماتی ڈیٹا بیس اور شفاف فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ حکومت کا مقصد ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے ایسا ماحولیاتی نظام قائم کرنا ہے جو ایک صاف، سرسبز اور صحت مند سندھ کے قیام میں معاون ثابت ہو۔