ترک صدر کی جانب سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا کشمیریوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

جمعرات 24 ستمبر 2026 12:43

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے اقوام متحدہ کے فورم پر جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا کشمیری عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا ہےکہ ترک صدر کی جانب سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے جائز حق کو اجاگر کرنا کشمیریوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ترکیہ کی اس سیاسی اور سفارتی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی آواز مو ثر انداز میں بلند کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو موثر اور مضبوط انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مسئلے کے سیاسی و سفارتی حل کے لیے اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ او آئی سی جیسے اہم اسلامی سفارتی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو تسلسل کے ساتھ اجاگر کرنا اس امر کی یاد دہانی ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور ان کے حقِ خودارادیت کا مسئلہ محض ایک علاقائی معاملہ نہیں بلکہ ایک دیرینہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی منظور کر دہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔