Live Updates

متحدہ عرب امارات نے 24 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کردیں

یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز پر مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں کے استعمال کیلئے عائد پابندیوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 ستمبر 2026 21:30

متحدہ عرب امارات نے 24 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں تاحکمِ ثانی ..
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 24 ستمبر 2026ء ) متحدہ عرب امارات نے 24 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کردیں۔  یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز پر عائد پابندیوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایرانی ایئرلائنز کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے لیے اور وہاں سے چلنے والی پروازیں 24 ستمبر سے تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز پر مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں کے استعمال کی عائد پابندی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کی فضائی آمدورفت بحال ہونے تک صورتحال میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق متعلقہ حکام اور عوام کو آگاہ رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزید برآں امریکا کی جانب سے لینڈنگ، ٹکٹنگ اور دیگر خدمات کی فراہمی پر عائد پابندیوں کے باعث متحدہ عرب امارات نے ایرانی پروازیں اپنی تمام پروازیں منسوخ کردیں۔
یاد رہے اکیس ستمبر کو امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ 23 ستمبر سے تمام ایرانی ایئرلائنز کے دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن پر پابندی عائد ہوگی۔ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ایرانی ایئرلائنز کو لینڈنگ کی اجازت دینے والے ہوائی اڈے امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام سے خارج کیے جا سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ چین ایران کے خلاف امریکی اقتصادی دبائو کی مہم کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کب تک جاری رہے گا، اس بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا۔ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ ایران تنازع ختم ہونے کے بعد شرح سود میں کمی آنی چاہیے۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات