ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی زیرِ صدارت جی ڈی اے کے بلڈنگز کنٹرول سیکشن کا اہم اجلاس

منگل 29 ستمبر 2026 19:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2026ء) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی زیرِ صدارت جی ڈی اے کے بلڈنگز کنٹرول سیکشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی، بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد، غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کارروائیوں اور بلڈنگ کنٹرول نظام کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کنٹرولر بلڈنگز نادر بلوچ، ڈپٹی کنٹرولر بلڈنگ اسٹرکچر میرجان بلوچ، ڈپٹی کنٹرولر بلڈنگز آرکیٹیکٹ عبدالرزاق بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ منیر احمد بلیدی، اسسٹنٹ کنٹرولر اسٹرکچر جی۔ایم بلوچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت نافذ العمل بلڈنگ بائی لاز 2020 اور دیگر تعمیراتی ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے ہدایت کی کہ بلڈنگ کنٹرول سیکشن کی استعدادِ کار میں مزید اضافہ کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے ساتھ ساتھ ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید منظم، بروقت اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول سیکشن کے انتظامی ڈھانچے اور افرادی قوت کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ شعبہ کو ہدایت کی کہ شعبے کی موجودہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید افرادی قوت کی تعیناتی سے متعلق جامع سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں، تاکہ فیلڈ اور دفتری امور کو مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔اس موقع پر تعمیرات سے متعلق این او سی فیس، مختلف چارجز اور فیس اسٹرکچر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات اور ضروریات کے تناظر میں فیس اسٹرکچر کا ازسرِنو جائزہ لے کر جہاں ضروری ہو، مناسب ترامیم سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں اور انہیں آئندہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔

اجلاس میں انفورسمنٹ ونگ کو مزید مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات، ناجائز تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے محکمہ پولیس سے اضافی پولیس کانسٹیبلز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کو مؤثر معاونت فراہم کی جائے تاکہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز رفتاری اور مؤثر انداز میں انجام دی جا سکیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ ایسے افراد کی حوصلہ شکنی کی جائے جو مقررہ قانونی طریقہ کار اختیار کیے بغیر اجازت نامہ کے تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرتے ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے قانون اور بلڈنگ بائی لاز کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہر میں تعمیراتی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ساتھ ہی ڈائریکٹر جنرل نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شہریوں کو قانونی طریقے سے تعمیراتی مجاز نامہ/این او سی حاصل کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے طریقہ کار کو مزید آسان، شفاف اور سہل بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول کا مقصد صرف ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قانونی اور باقاعدہ تعمیرات کے لیے سہولت فراہم کرنا بھی ہے۔ اس لیے متعلقہ شعبہ شہریوں کے لیے رہنمائی اور سہولت کاری کے نظام کو مزید بہتر بنائے، تاکہ گوادر میں تعمیراتی سرگرمیاں گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان اور منظور شدہ بلڈنگ بائی لاز کے مطابق فروغ پا سکیں۔

متعلقہ عنوان :