ٹریفک فلو میں خلل، غیر قانونی پارکنگ اسٹنڈز ،تجاوزات کیخلاف بڑے آپریشن کا حکم

بدھ 30 ستمبر 2026 16:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک بہائو میں خلل کا باعث بننے والی رکاوٹوں کو فوری ہٹانے کا حکم دیدیا ۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک کنجشنز کے خاتمے کے لئے انکروچمنٹ آپریشن شروع، سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو احکامات جاری کردئیے ۔ٹریفک بہائو میں خلل اور تجاوزات قائم کرنیوالوں کیخلاف بلاتفریق مقدمات کے اندراج کی ہدایت کی گئی ہے ۔

سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن، پیرا کے عملہ کو ساتھ ملاکر گرینڈ آپریشنز کئے جائیں، آگاہی اور وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال ٹریفک بہائو میں خلل، تجاوزات قائم کرنے پر 1461مقدمات درج کروائے گئے، اپنی دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے انتہائی خطرناک ڈرائیونگ پر 594مقدمات درج کروائے گئے، غیر قانونی پارکنگ اسٹنڈز قائم کرنے پر 287مقدمات درج کروائے گئے، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 50،رانگ پارکنگ پر 52جبکہ ٹریفک میں خلل ڈالنے پر 217مقدمات درج کروائے ۔

(جاری ہے)

کمرشل گاڑی کے مقررہ سائز سے بڑی باڈی پر24مقدمات جبکہ ایل پی جی سلنڈرز لگانے پر 19 مقدمات درج کروائے گئے ۔ جبکہ غیر قانونی گرین و جعلی نمبر پلیٹس لگانے پر 115اور ون ویلنگ پر 11مقدمات درج کروائے گئے ۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہر کے تمام چوکنگ پوائنٹس کی سیف سٹی کیمروں سے سرویلنس کی جارہی ہے، ٹریفک کے بہا میں خلل ڈالنے والوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا۔