شہید کانسٹیبل سراج الدین کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن ٹانک میں ادا کردی گئی

جمعہ 2 اکتوبر 2026 22:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2026ء) ضلع ٹانک کے جنڈولہ ہسپتال میں تعینات پولیس اہلکار پر نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے دستی بم حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کانسٹیبل سراج الدین کی نماز جنازہ پولیس لائن ٹانک میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان ٹانک پولیس کےمطابق نمازجنازہ میں ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان، کمانڈنگ آفیسر 50 بلوچ علی افضل خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹانک نعمت اللہ خان کنڈی، اسسٹنٹ کمشنر جمشید عالم، ایس پی انوسٹیگیشن ٹانک خالد محمود، ڈی ایس پیز، سکیورٹی فورسز افسران، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل سراج الدین کو سلامی پیش کی جبکہ افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سراج الدین جیسے بہادر جوانوں کی قربانیاں پولیس فورس کے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ پولیس شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :