اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

پیر 5 اکتوبر 2026 14:49

اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق 7 کارروائیوں میں مجموعی طور پر 34.317 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جن کی مالیت 85 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

راولپنڈی میں جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کی واسکٹ میں جذب 1.072 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 745 گرام وزنی 1080 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب گیزر میں چھپائی گئی 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، ہیڈ محمد والا انٹرچینج ملتان کے قریب ایک گاڑی سے 10 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا.اے این ایف کے مطابق ظفروال روڈ سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6.5 کلوگرام چرس اور پستول برآمد ہوا جبکہ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 1.4 کلوگرام افیون، 1.2 کلوگرام چرس اور بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔