اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے، مریم نواز

پیر 5 اکتوبر 2026 14:44

اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے، مریم نواز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔اساتذہ کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معلم اعظم حضرت محمدؐ پر کروڑوں درودو سلام پیش کیا اور قابل احترام اساتذہ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے گرامی قدر اساتذہ سمیت ہر استاد کو سلام پیش کرتی ہوں، ٹیچرز ڈے پر پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کرام کے اخلاص، محنت اور لگن کو سراہتی ہوں، استاد کا مرتبہ، عظمت لازوال ہے، اپنے شفیق ٹیچرز کے لئے آج بھی عزت و احترام کا جذبہ برقرار ہے۔انہوںنے کہاکہ اساتذہ معاشرے کا سب سے معتبر طبقہ ہے اور استاد ہی طالب علم کو فرش سے عرش کی جانب لے جاتا ہے، اچھا استاد علم ہی نہیں بلکہ ادب، اخلاقی اقدار اور معاشرتی روایات سے بھی روشناس کرواتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے، حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں نوازشریف سکول آف ایمیننس جیسے پروگرام متعارف کرا رہی ہے، طلبہ کو جدید علوم و فنون سے متعارف کرانے کے لئے پرائمری ایجوکیشن اے آئی متعارف کرا رہے ہیں۔مریم نوازشریف نے کہا کہ اساتذہ کرام کو انگلش بول چال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید طرز تدریس سے متعارف کرانے کے لئے ٹریننگ فری کرائی جا رہی ہے۔