گھر سیاسی جماعتوں کی تختیوں سے نہیں، مستحق خاندانوں کی گواہی سے پہچانے جاتے ہیں: عظمیٰ بخاری

2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے اور 278 ارب 46 کروڑ سے زائد رقم کس نے فراہم کی؟ عظمیٰ بخاری کا سوال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 اکتوبر 2026 21:59

گھر سیاسی جماعتوں کی تختیوں سے نہیں، مستحق خاندانوں کی گواہی سے پہچانے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر ۔2026 ) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے ”اپنی چھت اپنا گھر“ منصوبے سے متعلق دعوﺅں اور پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے اس منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی لائیو ویڈیوز سامنے لے آئیں. عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لیں یہ وہ لوگ ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ صرف پی ٹی آئی دور کے بنے ہوئے گھر تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟.

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی؟ ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل کیسے ہوئے؟ 60 ہزار 464 گھر آج بھی تعمیر کے مرحلے میں کیسے ہیں؟انہوں نے کہا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش شاید سوشل میڈیا پر چل جائے، مگر ان گھروں میں رہنے والے اصل مستحقین کی گواہی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا.

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ تختیوں کی سیاست نہیں، عوام کو اپنی چھت دینے کا عملی منصوبہ ہے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جن کے پاس دکھانے کو کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنے گھروں کی کہانیاں گھڑتے ہیں انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا جتنا مرضی کرلیں، گھر تو آخر گھر ہی ہوتا ہے گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے.