لانگ مارچ ایسا نہیں کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا ہے اوراسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا.راجہ ناصر عباس

وزیراعظم تقاریر میں مذاکرات کی باتیں کرنے کی بجائے محمود خان اچکزئی کو کال کر لیں، رابطہ کریں اور بات کرلیں.سینیٹ میں قائدحزب اختلاف کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 اکتوبر 2026 23:35

لانگ مارچ ایسا نہیں کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا ہے اوراسے کنٹرول نہیں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر ۔2026 ) سینیٹ میں قائدحزب اختلاف علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ایسا بھی نہیں کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا ہے کہ اسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش پر نجی ٹی وی سے گفتگو میں علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بغیر شرائط کے آئیے مل کر بات کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تقاریر میں مذاکرات کی باتیں کرنے کی بجائے محمود خان اچکزئی کو کال کر لیں، رابطہ کریں اور بات کرلیں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس مذاکراتی عمل میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کو خود شریک ہونا چاہیے، یہ حکومت کے اتحادی ہیں یہ تمام اہم لوگ ہیں ان کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے.

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ایسا بھی نہیں ہے کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا کہ اسے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، یہ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں جو احتجاج میں شریک ہیں راجہ ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ میں پاکستان کے نوجوان اور اس کا مستقبل ہیں، آپ ان سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ احتجاج کرنا سوال اٹھانا پریس کانفرنس کرنا یہ زندگی کی علامت ہے.

انہوں نے کہا کہ آپ جو بیرون ملک مذاکرات اور بات چیت کروا رہے ہیں، یہاں بھی یہی کریں، وزیراعظم واقعتاً سنجیدہ ہیں تو انہیں رابطہ کرنا چاہیے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بیرون ملک مذاکرات کی کوششوں کا 10 فیصد بھی پاکستان میں کریں تو مسائل حل ہو جائیں.