وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عدم موجودگی کے باعث خیبر پختونخوا میں سرکاری امور اور فیصلہ سازی متاثر ہونے لگی

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس نہ ہوسکا، لانگ مارچ اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پی ڈبلیو پی کا اجلاس بھی ایک مرتبہ ملتوی کیا گیا.نجی ٹی وی کا سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 اکتوبر 2026 23:23

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عدم موجودگی کے باعث خیبر پختونخوا میں سرکاری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر ۔2026 ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے باعث خیبر پختونخوا میں سرکاری امور اور فیصلہ سازی متاثر ہو رہی ہے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عدم موجودگی کے باعث متعدد اجلاس ملتوی ہوئے جبکہ کئی اہم سمریاں منظوری کی منتظر ہیں. نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی سے سی ایم ہاﺅس میں ہونے والا محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس نہ ہوسکا، لانگ مارچ اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پی ڈبلیو پی کا اجلاس بھی ایک مرتبہ ملتوی کیا گیا.

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث خیبر پختونخوا میں حکومتی امور متاثر ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی کے باعث کئی اہم پالیسی فیصلے نہیں ہو پائے جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے شیڈول میں شامل تمام اجلاس ملتوی کردیے گئے ہیں اسی طرح وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی کے باعث متعدد سمریوں کی منظوری بھی نہیں دی جاسکی.

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراءکی عدم موجودگی کے باعث صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی منعقد نہیں ہوسکا حالانکہ حکومتی اعلان کے مطابق کابینہ کا اجلاس ہر جمعہ کو وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقد ہونا ہے وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی کے باعث سی ایم ہاﺅس میں ہونے والا محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس نہ ہوسکا لانگ مارچ اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پی ڈبلیو پی کا اجلاس بھی ایک مرتبہ ملتوی کیا گیا.

صوبائی کابینہ کے سامنے مختلف اہم امور اور سمریاں زیر التوا ہیں جبکہ وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کی عدم موجودگی کے باعث وزارتی کمیٹیوں کے اجلاس بھی نہیں ہو رہے سرکاری ذرائع کے مطابق وزارتی کمیٹیوں کے اجلاس میں تاخیر سے اہم امور پر فیصلہ سازی متاثر ہونے لگی ہے اور کابینہ ارکان کی عدم موجودگی کے باعث متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی نہیں لی جاسکی.