حیدرآباد، دو عمارتیں اچانک ملبے کا ڈھیر ہوگئیں، بچوں اور خواتین سمیت 10افراد جاں بحق، دو درجن کے قریب افراد زخمی

بدھ 3 ستمبر 2014 08:34

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) میمن ہسپتال چوڑی مارکیٹ الیاس آبا دمیں منگل کی دوپہر اچانک دھماکے سے دو عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہوگئیں جن کے نیچے دب کر بچوں اور خواتین سمیت 10افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ دو درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد پولیس، انتظامیہ ، بلدیہ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہر ایک بجے چوڑی پاڑے میں واقع چوہدری یامین نامی شخص کی تین منزلہ عمارت قریب ہی موجود دوسری عمارت پر جاگری جس کے نتیجے میں دونوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہوگئیں اور ان میں دب کر 8 افراد جن میں نوربانو، اختر، مختیار ، راشد، عاصمہ، مریم ،بچی کوہن ، 3سالہ الماس ولد راشد جان بحق ہوگئے ، جبکہ حیدر ،رابعہ، علی رضا، خالد، مصباح، ظفر، غضنفر، نوربانو سمیت 2درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

جن کو سول ہسپتال حیدرآباد میں داخل کرادیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچانا شروع کیا ۔اس موقع پر ۔ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نواز سوہوسمیت ایس ایس پی حیدرآباد پیر فرید جان سرہندی، بلدیہ اعلیٰ حیدرآبا دکے ایڈمنسٹریٹر شاہ محمد شاہ، بلدیہ کا عملہ اور بلڈنگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی وہاں پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

عمارت گرنے سے ہونیو الے جانی نقصان کے باعث پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے علاقے کے لوگوں نے بلدیہ کے عملے کے ساتھ مل کر بڑے بڑے حصوں کو توڑنا شروع کیا اور ان میں دبے افراد کو نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔جبکہ حیدرآباد میمن ہسپتال کے سامنے الیاس آباد چوڑی پاڑہ کے علاقے میں تین منزلہ عمارت پر مبنی دوگھر وں کی چھت گر نے کی اطلاع ملتے ہیں متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی و اراکین زونل کمیٹی اور حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی صابر حسین قائم خانی ، راشد خلجی ،دلاور قریشی، سیکٹر و یونٹ اور کے کے ایف کے رضاکار حادثہ کے مقام پر پہچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال روانہ کیا ۔

بعدازاں حق پرست نمائندوں نے سول ہسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج و معالجے کی خصوصی ہدایات دیں ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید نے حیدرآباد میں سخی پیرکے علاقے چوڑی گلی الیاس آباد میں 2 عمارات کی چھتیں گرنے کی وجہ سے زخمیوں کی عیادت کے لیے سول ہسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا اور دورے کے دوران کمشنر حیدرآباد نے سول ہسپتال کی انتظامیہ کو زخمیوں کے فوری علاج کرنے کی ہدایت کی او ر ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکے ۔

،کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید نے ڈی سی حیدرآباد کی سربراہی میں اس واقع کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ انہو ں نے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :