دھاندلی کا شورمچانے والے عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑی دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں:شہباز شریف،سیاستدانوں اور سیاست کے نام پر دھبہ لگانے والوں کو اب سیاست کا دامن چھوڑ دینا چاہیے،عمران کو سمجھ نہیں آرہی کہ وہ عوام کاسامنا کس منہ سے کریں، نہایت افسوس کا مقام ہے کہ نئی نسل کی رہنمائی کا دعویٰ کرنے والے عمران خان 014ء میں رہ کر بھی پچھلی صدی کی آخری دہائی کی سیاسی سوچ رکھتے ہیں،اراکین اسمبلی سے گفتگو

بدھ 3 ستمبر 2014 08:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاستدانوں اور سیاست کے نام پر دھبہ لگانے والوں کو اب سیاست کا دامن چھوڑ دینا چاہیے۔دھاندلی کا شورمچانے والے عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑی دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کا کس منہ سے سامنا کریں۔

وہ یہاں مسلم لیگ(ن) کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ نئی نسل کی رہنمائی کا نام نہاد دعویٰ کرنے والے عمران خان 2014ء میں رہ کر بھی پچھلی صدی کی آخری دہائی کی سیاسی سوچ رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قوم تحریک انصاف کے سربراہ سے سوال کرنے کا حق رکھتی ہے کہ بنی گالامیں چند ماہ قبل وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے دوران ہر طرح کا اطمینان ظاہر کر نے کے بعد عمران خان کو طاہر القادری جیسے کردار سے مل کر پارلیمنٹ ،پی ٹی وی کی عمارت اور وزیراعظم ہاوٴس پر لشکر کشی کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس لشکر کشی کی نا صرف مذمت کی ہے بلکہ آئین ،قانون اور جمہوریت کے بھرپور تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے جو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک نیا اورروشن باب ہے اورآنے والا مورخ پاکستان میں جمہوریت کی جدوجہد کی تاریخ لکھتے ہوئے آج کے دن کا تذکرہ سنہری حروف سے کرے گا۔انہوں نے اراکین اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کوتحمل اور برداشت سے کام لینے کی تلقین کریں اورانہیں تائید کریں کہ مخالفین کی اشتعال انگیز حرکتوں کا ہرگزجواب نہ دیں۔