وزیراعلیٰ کا مصروف ترین دن،8گھنٹے تک بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے طوفانی دورے،شہبازشریف کامونکی میں تین افرادکے جاں بحق ہونے پر تعزیت کیلئے ایک کلو میٹر دور گاڑی کھڑی کر کے پانی میں چل کر متاثرہ خاندان تک پہنچے ،ہمیں معلوم تھا کہ شہبازشریف ضرور آئے گا،آپ نے پہلے بھی اپنے عوام کو مصیبت میں اکیلانہیں چھوڑا:متاثرہ خاندان کے ایک بزرگ کا وزیراعلیٰ سے مکالمہ

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج سیالکوٹ،گوجرانوالہ ،کامونکی ،مریدکے اور ڈسکہ کے نشیبی علاقوں کاشدید بارشوں کے دوران8گھنٹے تک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ بغیر کسی اطلاع کے متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور بارش ہونے کے باوجود ہر جگہ اپنی گاڑی سے اترکر شہریوں کے مسائل اورمشکلات دریافت کرتے رہے۔وزیراعلیٰ نے دوپہر کو لاہور سے اپنے دورے کا آغاز کیا اوررات گئے واپس پہنچے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ شہریوں کے ساتھ گھل مل گئے اوران سے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ دورے کے دوران بغیر آرام کیے بارش کے پانی کے نکاس کے انتظامات اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے رہے۔

وزیراعلیٰ کامونکی میں ایک ہی خاندان کے تین افرادکے جاں بحق ہونے پر تعزیت کے لئے ایک کلو میٹر دور گاڑی کھڑی کر کے گھٹنے تک پانی میں چل کر متاثرہ خاندان تک پہنچے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو دیکھ کر علاقے کے لوگ باہر آگئے اور بزرگ خواتین نے انہیں دعائیں دیں۔بچوں نے وزیراعلیٰ سے ہاتھ ملائے۔ایک مقام پر ایک بزرگ نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں معلوم تھا کہ شہبازشریف ضرور آئے گا،آپ نے پہلے بھی اپنے عوام کو مصیبت میں اکیلانہیں چھوڑا۔وزیراعلیٰ کے ساتھ سفر کرنے والے ایک ساتھی نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ آج اتنے لوگوں نے آپ کو دیکھ کر جس جوش و خروش کا مظاہر ہ کیا ہے الیکشن کی یاد تازہ ہوگئی ہے جس پر ایک دوسرے ہمسفر نے کہا کہ یہ سب دھرنے کا ردعمل ہے ۔

متعلقہ عنوان :