آج ملک ایک بار پھر نازک دور سے گزر رہا ہے ،اندرونی و بیرونی طور پر ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامناہے، وزیراعظم،بعض طاقتیں پاکستان کو عدم تحفظ سے دو چار کرنے کیلئے سرگرم ہیں،ان کے مکروہ عزائم کوناکام بنانے کیلئے قومی یکجہتی‘ دفاعی خود انحصاری ‘ مضبوط معیشت ‘ سیاسی استحکام اور افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ تیاری بہت اہم ہے، مجھے فخر ہے ہماری افواج نے آپریشن ضب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، انشاء الله وہ دن جلد آنے والا ہے جب وطن عزیز سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا، یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ملک ایک بار پھر نازک دور سے گزر رہا ہے ،اندرونی و بیرونی طور پر ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامناہے، بعض طاقتیں پاکستان کو عدم تحفظ سے دو چار کرنے کیلئے سرگرم ہیں،ان کے مکروہ عزائم کوناکام بنانے کیلئے قومی یکجہتی‘ دفاعی خود انحصاری ‘ مضبوط معیشت ‘ سیاسی استحکام اور افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ تیاری بہت اہم ہے، مجھے فخر ہے ہماری افواج نے آپریشن ضب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، انشاء الله وہ دن جلد آنے والا ہے جب وطن عزیز سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا، قوم کو یقین دلاتا ہو ں جمہوری حکومت محدود وسائل کے باوجود اپنی مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ 6ستمبر ہماری ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر واضح کردیا کہ پاکستان کوئی ترنوالہ نہیں بلکہ اس میں ایک ایسی قوم آباد ہے جو اپنا دفاع کرنا خوب جانتی ہے۔ 1965 ء میں پوری قوم اور افواج پاکستان اتحادی‘ ایمان اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مضبوط دیوار کی مانند دشمن کے سامنے ڈٹ گئے۔

آج ہمارا ملک ایک بار پھر نازک دور سے گزر رہا ہے ۔ اندرونی و بیرونی طور پر ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامناہے۔ اندرونی طور پر جہاں دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے ناسور ہماری جڑوں کوکھوکھلا کررہے ہیں وہیں بعض طاقتیں پاکستان کو عدم تحفظ سے دو چار کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ ان کے مکروہ عزائم کوناکام بنانے کیلئے قومی یکجہتی‘ دفاعی خود انحصاری ‘ مضبوط معیشت ‘ سیاسی استحکام اور افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ تیاری بہت اہم ہے ۔

مجھے فخر ہے کہ ہماری افواج نے آپریشن ضب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انشاء الله وہ دن جلد آنے والا ہے جب وطن عزیز سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔ حکومت کو آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی تکلیفوں اور قربانیوں کا مکمل احساس ہے میں ان سے وعدہ کرتاہوں کہ وہ بہت جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے اور حکومت ان کی آباد کاری میں ان کی بھرپور معاونت اور تعاون کرے گی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری بری ‘ بحری اور فضائی افواج جدید اسلحہ سے لیس اور اعلیٰ پیشہ وارانہ اہلیت کی حامل ہیں ہمارے دیگر قومی دفاعی ادارے بھی فعال ہیں اور اپنی مسلح افواج کی دفاعی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں ۔ دنیا میں جو تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ان کے پیش نظر قوم کواپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور اہلیت پرپورا یقین ہے۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ جمہوری حکومت محدود وسائل کے باوجود اپنی مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کی لئے پر عزم ہے۔ آئیے! آج کے دن یہ عہد کریں کہ ضرورت پڑنے پر ہم مادر وطن کے دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔