ممبئی حملے کا معاملہ حل ہونے تک پاک بھارت کرکٹ کے رشتوں کی بحالی ممکن نہیں ،شہریار خان ،پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے قیام سے چیئرمین کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑیگا،ٹی20 کیلئے کپتان کا اعلان جلد ہوگا ،چیئرمین پی سی بی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممبئی حملے کا معاملہ حل ہونے تک دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے رشتوں کی بحالی ممکن نہیں۔ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے قیام سے چیئرمین کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔میں منتخب چیئرمین ہوں کرکٹ ٹیم میں اعلیٰ پائے کے کھلاڑیوں کی سلیکشن فیئر ہے تاہم ڈو مسٹک اور ریجنل سطح پر سلیکشن کا عمل مشکوک ہے۔

کرکٹ بورڈ میں افرادی تعداد میں کمی کے لیئے ڈاؤن سائزنگ کا عمل ضروری ہے ٹی 20 ٹیم کے کپتان کے مسئلہ پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے کپتان کا اعلان دو تین دن میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے نیشنل اسیڈیم کراچی میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا شہریا ر خان نے اس موقع پر کرکٹ کھیل کی ترقی اور فروغ کے سلسلے میں سات نکاتی پروگرام بھی پیش کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ تو چلتا ہی رہتا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ‘سرحدی مقامات پر فائرنگ سے دونوں ممالک کے کرکٹ رابطہ کبھی خراب نہیں ہوئے تاہم جب تک ممبئی معاملہ کا کوئی حل نکل نہیں آئے گا دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں کی معطلی اصل میں سیکورٹی کا مسئلہ ہے۔ سری لنکن بم پر حملے کے بعدہماری دعوت پر ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بتدریج انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کے منصوبہ پر کام کریں گے۔ پہلے مرحلے میں سری لنکا‘ زمبابوے‘ بنگلہ دیش‘ افغانستان اور ائیر لینڈ کی اے جونیئر اور قومی ٹیموں کو دعوت دیں گے۔

یہ طے ہے کہ آسٹریلیا اور بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی میں ملازمین کی تعداد حد سے زیادہ ہے‘ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کی تعدادکم کرنے کے لئے ڈاؤن سائزنگ کے عمل کو شروع کریں تاہم یہ عمل آئین کے دائرہ کار کے تحت اور میرٹ پر ہوگا۔ کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کریں گے ۔

ڈاؤن سائزنگ کے لئے سائنٹفک طریقے استعمال کریں گے‘ ہوسکتا ہے کہ غیر ملکی ماہرین کی مدد سے یہ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے سلیکشن کے بارے میں مجھے کوئی شکایت نہیں‘ یہ کام میرٹ پر ہورہا ہے تاہم ڈومیسٹک سطح پر خاص طورپر ڈسٹرکٹ اور ریجن کی ٹیموں کی سلیکشن غیر معیاری اور اقربا پروری پر مشتمل ہے۔ اس مسئلہ کو ہمیں حل کرنا ہوگا کیونکہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ڈسٹرکٹ اور ریجن ہی سے دستیاب ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین نے اب کہ ڈومیسٹک ڈھانچہ کی بہتری کے مسئلے میں مشورے کا عمل جاری ہے‘ تاہم بڑے کھلاڑیوں سے رائے طلب کی گئی ہے ہماری کوشش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر انداز میں رن کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی پی ایل ایک خسارے کا سودا تھا ہم نے اس پروگرام کو فی الحال ختم کردیا ہے شہریار خان نے کرکٹ کے بہتری کے لئے اپنے سات نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوسری بار بورڈ کی سربراہی سنبھالنے کے بعد اب فیصلہ کیا ہے کہ آئین کو بروئے کار لاتے ہوئے شفاف انداز کرکٹ کے معاملات کو چلانا ہے۔

ڈسپلن پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب بورڈ کا نیا آئین بن گیا ہے‘ اس پر مکمل عمل کریں گے۔ کیونکہ اس آئین کو سپریم کورٹ کی بھی منظوری حاصل ہے۔ میرا دوسرا نکتہ ہے کہ پی سی بی میں کارپوریٹ کلچر لائج کریں گے۔ ڈاؤن سائزنگ کریں گے قومی ٹیم اے ٹیم جونیئر ڈومیسٹک سیزن کو بہتر کریں گے ‘ سلیکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریجن اور ڈسٹرکٹ سطح پر کھلاڑیوں کی تلاش کا کام کریں۔