بھارتی ریاست تلنگانہ میں فوجیوں نے مسلمان لڑکے کو زندہ جلادیا

جمعہ 10 اکتوبر 2014 08:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء)بھارتی ریاست تلنگانہ میں فوجیوں نے مسلمان لڑکے کو زندہ جلادیا جو اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔مہدی پٹنم کے علاقے میں مدرسے کا گیارہ سالہ طالب علم شیخ مصطفی ٰ گذشتہ روز آرمی گیریڑن کمپاونڈ میں جھلسا ہوا پایا گیا تھا۔ مقامی لوگوں نے لڑکے کو اٹھاکر اسپتال پہنچایا۔

(جاری ہے)

لڑکے کا 80 فیصد جسم جھلسا ہوا تھا۔ مرنے سے پہلے اس نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اسے نامعلوم فوجیوں نے جلایا ہے۔ شیخ مصطفی ٰ کی موت کی خبر پھیلنے پر صدیقی نگر کے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور سیکیورٹی سخت کردی گئی۔ بھارتی فوجی حکام نے لڑکے کی موت میں کسی فوجی کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتیش میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔