رحیم یار خان، پولیس کی بر وقت کاروائی دہشت گردی کی واردات ناکام بنا دی ،فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک تین فرار۔ ڈیڑہ کلو بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹر ، ریموٹ کنٹرول اور ملزم کے زیر استعمال پسٹل بر آمد ، دہشت گردبارودی مواد سے دھماکہ کر کے گیس پائپ لائن اڑاناچاہتے تھے

جمعہ 10 اکتوبر 2014 08:34

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء) مخبر کی اطلاع پر پولیس کی بر وقت کاروائی دہشت گردی کی واردات ناکام بنا دی ۔ دہشت گردبارودی مواد سے دھماکہ کر کے گیس پائپ لائن اڑاناچاہتے تھے ۔ فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک تین فرار۔ ڈیڑہ کلو بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹر ، ریموٹ کنٹرول اور ملزم کے زیر استعمال پسٹل بر آمد ۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب ایس ایچ او تھانہ بھونگ جام عبدالغفار دیگر اہلکاروں کے ہمراہ پل کالے والی کے نزدیک موجود تھا کہ انہیں مخبر کے زریعے اطلاع ملی کہ موضع گڑھی دھو دھو سے گزرنے والی سوئی نادرن کی گیس پائپ لائن پر چارمسلح ملزمان آتشیں اسلحہ کے ساتھ موجود ہیں جو کہ بڑے نقصان کی پیش بندی کر رہے ہیں ۔

جس پر ایس ایچ او تھانہ بھونگ اپنی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور پولیس موبائل گاڑی کی روشنی سے دیکھا تو چار مشکوک ملزمان گیس پائپ لائن پر مشکوک حرکات میں مصروف تھے جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر پولیس نے بھی پوزیشن سنبھالتے ہوئے حق حفا ظت خود اختیاری کے جوابی فائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کا سلسلہ بند ہوا تو گیس پائپ لائن کے قریب ملزمان کا ایک ساتھی شدید زخمی حالت میں پڑا ہو ا تھا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہو کر موقع پر گرگیا تھا ۔

پولیس نے زخمی ملزم کو رورل ہیلتھ سنٹر احمد پولیس لمہ منتقل کرنے کی کو شش کی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ پولیس نے موقع پر سرچ آپریشن کیا تو ہلاک ہونے والے ملزم کے باقی تینوں ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے تھے جبکہ گیس پائپ لائن والی جگہ پرگڑھا کھود کر اس میں ایک تھیلا رکھا ہوا تھا جس کی تلاشی پر اس سے ڈیڑھ کلو بارودی مواد بر آمد کر لیا گیا جبکہ موقع سے ڈیٹو نیٹر ، ریموٹ کنٹرول اور ہلاک ہونے والے ملزم کے زیر استعمال ایک پسٹل لوڈ شدہ بھی پولیس نے قبضہ میں لے لیا ۔

حالات و واقعات سے عیاں ہوا ملزمان بارودی مواد سے گیس پائپ لائن کو اڑا کر بلوچستان سے پنجاب کو گیس کی سپلائی منقطع کرنا اور دہشت پھیلانا چاہتے تھے جو کہ مخبر کی اطلاع اور پولیس کی بر وقت کاروائی سے ناکام بنا دی گئی ۔پولیس نے دہشت گردی کی ناکام واردات کا مقدمہ درج کرکے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ۔ تھانہ بھونگ پولیس نے موضع گڑھی دھو دھو میں دہشت گردوں کی ناکام واردات پر دہشت گردوں کے خلاف4/5 ایکپلوزو ایکٹ (POPA)16/7ATA 324/353/186 ت پ کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر256/14 درج رجسٹر کر کے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلا ش شروع کر دی ہے ۔