عمران خان ،طاہر القاردی اورشیخ رشید ہوش کے ناخن لیں اور زبان کو کنٹرول میں رکھیں،رانا ثناء اللہ خان ،ایسا نہ ہولیگی کارکن سڑکوں پر آکر جواب دینے پر مجبور ہوجائیں ،ملک میں انارکی نہیں چاہتے، چوہدری برادران آمرکے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئے ، پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کو تیارہے ، عوامی تحریک کو سیاسی جماعت میدان میں آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں ،سابق وزیر قانون پنجاب

جمعہ 10 اکتوبر 2014 08:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء)سابق صوبائی وزیرقانون وبلدیات رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان ،طاہر القاردی اورشیخ رشید ہوش کے ناخن لے اور اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھے ایسا نہ ہو کہ لیگی کارکنوں سڑکوں پر آکر ان کے نعروں کا جواب دینے پر مجبور ہوجائیں ،ہم ملک میں انارکی نہیں چاہتے،چوہدری برادران آمرکے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئے ، پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کو تیارہے ، ہم پاکستان عوامی تحریک کو بطورسیاسی جماعت میدان عمل میں آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اورعلامہ طاہرالقادری کی جمہوری اورآئینی اقدارپرمبنی سیاست کا خیر مقدم کریں گے کیونکہ لشکر کشی،جتھہ بندی اوردھرنوں کی سیاست سے جمہوریت پنپ نہیں سکتی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو اور سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

۔سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ دھرنوں میں نعرے لگوا کر کسی کو گھر نہیں بھیجا جاسکتا۔سیاست کو انتشار کاذریعہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ سیاسی انداز،جمہوریت اورآئین کے مطابق ہونا چاہیے اورحکومتوں کی تبدیلی آئین کے مطابق ہی آنی چاہیے۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ طاہرالقادری کے ریفارمز ایجنڈے کواگر عوام پذیرائی دیتے ہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا لیکن منفی ہتھکنڈے اورزبردستی کادستور کسی صورت قبول اورمناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ کو پاکستان عوامی تحریک کے 12اکتوبر کو دھوبی گھاٹ میں ہونے والے جلسے کے لئے فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاہم امن وامان کو برقراررکھنے کے لئے عوامی تحریک کوبھی انتظامیہ سے تعاون کرنا چاہیے۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری اپنے گرد طالع آزماؤں سے محتاط رہیں کیونکہ ان کے شاید یہ عزائم نہ تھے جس جگہ آج انہیں لاکرکھڑا کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی گزشتہ روز فیصل آباد دورہ کے موقع پر بہت کچھ کہتے رہے،میں ان سے صرف یہ کہوں گا کہ 2008ء میں آپ کی نگران حکومت نے الیکشن کرائے تھے۔اس کے باوجود آپ کوعوام نے ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام نے آپ کو کبھی قبول نہیں کیا۔آمریت،غیر جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر آپ نے کیاکیا؟۔انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران آمرکے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئے لیکن عوام کے دلوں تک نہ پہنچ سکے پھر انہوں نے طے شدہ سکرپٹ کے ذریعے دھرنوں کے پیچھے انتہائی گھناؤنا اورسازشی کرداراداکیا اور کبھی کہا کہ10ہزارافرادلے کر جائیں استعفیٰ آجائے گا۔

یاریڈزون میں داخل ہوجائیں اوربندے مروادیں استعفیٰ آجائے گا پھر بھی ناکام ہوئے تو سرعام کہنا شروع کردیا کہ فوج مداخلت کرے اورپاک فوج کو بھی بدنام کرایا اور سیاست کو پراگندہ کیا۔دوسری طرف راولپنڈی کے ون مین شو کو منہ کی کھانا پڑی۔انہوں نے کہا کہ دنیا نیآئین اور قانون پر چل کر ہی ترقی کی ہے یہی راستہ پاکستان کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)ہر دور میں فیصل آباد میں کامیاب رہی ہے جس نے ہمیشہ شہریوں،تاجروں،دکانداروں اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا پیار حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے لئے نیپ کا ادارہ وجود میں آچکا ہے جس کا چےئرمین بھی بن چکا ہے جسے قانونی تحفظ حاصل ہے اسے مزید موثر بنانے کے لئے جدید وسائل اوروسعت دی جائے گی ۔

الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمشن بنانے کا اعلان کردیاہے جس پر دھرنے والے بھی اعتماد کریں۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کو تیارہے اوربلدیاتی ایکٹ سب سے پہلے پنجاب اسمبلی سے منظور اور8338سیٹوں پر حلقہ بندی کراکر الیکشن کمشن سے رجوع کیا اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ودیگر مرحلہ مکمل کرلیاتھا۔

پھر ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر بعض حلقہ بندیوں پر اعتراضات سامنے آئے اور اب ایکٹ میں 15،اکتوبر تک ترامیم کرکے الیکشن کمشن کو بھجوادی جائے گی۔رانا ثناء اللہ خاں نے امید ظاہر کی کہ عوامی تحریک کے قائدین جلسے میں سیاسی اقدار اور اخلاقیات کا خیال رکھیں گے ہم ان کا عزت واحترام سے ذکرکرتے ہیں تو ان سے بھی یہی توقع ہے۔پی ٹی آئی کے قومی وپنجاب اسمبلی کے ارکان کے استعفوں کو قبول کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان خیبرپختونخواہ اسمبلی سے بھی مستعفی ہوں۔