نیپال میں 6.7شدت کا آفٹر شاک، ماؤنٹ ایوریسٹ پر پہاڑی تودہ گرنے سے ہلاکتیں 14ہوگئیں، مزید پہاڑی تودے سرک گئے

پیر 27 اپریل 2015 08:02

کٹھمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء)امریکی ارضیاتی سروے نے کہا ہے کہ زلزلے سے تباہ شدہ نیپال میں اتوار کو 6.7درجے شدت کا شدید آفٹر شاک محسوس کیا گیا ، کوہ پیما اطلاع دے رہے ہیں کہ جھٹکوں کے باعث ماؤنٹ ایوریسٹ میں مزید پہاڑی تودے سرک رہے ہیں ۔امریکی ارضیاتی سروے نے کہا ہے کہ آخری زلزلے کا جھٹکا کٹھمنڈو کے شمال مشرق میں چین کی سرحد کے قریب 10کلومیٹر(6.2میل) گہرائی میں آیا۔

کوہ پیما جم ڈیوڈ سن نے کہا ہے کہ اس نے ایوریسٹ پر کیمپ ون میں آفٹر شاکس محسوس کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نے اپنے ٹوئیٹ پیغام میں لکھا ہے کہ یہاں ایوریسٹ پر سی ون میں سب سے بڑا آفر شاک آیا ، یہ اصلی زلزلے سے چھوٹا تھا لیکن گلیشیئرز اور پہاڑی تودے لرز اٹھے ۔ ادھر نیپال کے محکمہ موسمیات میں ایک اہلکار گیانیندرا کمار شریستھا نے بتایا ہے کہ ماؤنٹ ایوریسٹ پر پہاڑی تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 14ہو گئی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے اتوار کے روز بتایا کہ اب تک 14ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے ، ہمیں خدشہ ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ، ہم امداد کے لئے ہیلی کاپٹرز بھیجنے کی کوشش کررہے ہیں۔