ٹور میچ:سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف پاکستانی بیٹنگ پاکستانی بیٹنگ کی قلعی کھل گئی 247 رنز پر زمین بوس، پریذیڈنٹ الیون نے ایک وکٹ کے نقصان پر 44رنز بنا لئے ، احمد شہزاد 82، اظہر علی 39، یونس خان 64رنز بنا کرنمایاں رہے ، کپتان مصباح 15اور پروفیسر حفیظ صرف 3رنز بنا کرپویلین کی طرف چلتے بنے ،جیفری وینڈر نے 5کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا

جمعہ 12 جون 2015 08:09

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جون۔2015ء) سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف ٹو ور میچ کے پہلے دن پاکستانی بیٹنگ کی قلعی کھل گئی اور پوری ٹیم 247 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔کولمبو میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کے پہلے پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔دبئی کی وکٹوں پر رنز کے ڈھیر لگانے والے محمد حفیظ سری لنکا پہنچتے ہی فارم کھو بیٹھے اور تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور 39 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنانے کے بعد پویلین کی راہ لی۔اس موقع پر احمد شہزاد اور یونس خان نے اننگ کو سنبھالا دیا اور تیسری وکٹ کیلئے 113 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 152 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کو تیسرا نقصان یونس خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 64 رنز بنانے کے بعد ملندا سری وردانا کی وکٹ بنے جبکہ 176 کے مجموعے پر احمد شہزاد کی اننگ 82 رنز پر تمام ہوئی۔

احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے بعد کوئی بھی پاکستانی بلے باز اوسط درجے کی سری لنکن باوٴلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 247 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔مصباح الحق 15، اسد شفیق 27، سرفراز احمد 12، وہاب ریاض 13، یاسرشاہ 9 اور جنید خان پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے۔پاکستانی اننگ کی اس تباہی کے ذمے دار جیفری وینڈرسے تھے جنہوں نے پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

جواب میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کاآغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اور صفر کے اسکور پر اوپنر دمتھ کرونا رتنے وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔اس کے بعد کشال سلوا اور اپل تھارنگا نے دن کے اختتام تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 44 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 203 رنز درکار ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کاآغاز 17 جون سے گال میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :