سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 ہری پور میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا

ہفتہ 20 جون 2015 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 جون۔2015ء ) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 ہری پور میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا تحریک انصاف کے عامر زمان نے حلقے میں فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست پر عدالت نے الیکشن کرانے کا فیصلہ سنا دیا،، مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی عمرایوب کی کامیابی کو ان کے حریف راجہ عمر زمان نے چیلنج کیا تھا۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے راجہ عامر زمان کی نظر ثانی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور این اے 19 ہری پور میں دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔ 2013 کے انتخابات میں تحریک انصاف کے راجہ عامر زمان نے مسلم لیگ نون کے امیدوار عمر ایوب خان کو شکست دی تھی تاہم عمر ایوب کی انتخابی عذرداری پر الیکشن ٹریبونل نے حلقے کے سات متنازع پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

دوبارہ پولنگ میں عمر ایوب 622 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے جس پر عامر زمان نے ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ، تاہم سپریم کورٹ نے ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا جس پر عامر زمان نے نظر ثانی درخواست دائر کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دے دیا۔ تین رکنی بینچ نے عمر ایوب سے اب لی گئی تنخواہ بھی واپس لینے کا حکم بھی دیا ہے