الیکشن کمیشن صوبے میں شفاف،آزادانہ،منصفانہ اور پر امن بلدیاتی انتخابات کرا نے میں ناکام رہا،پرویز خٹک ، پولنگ کے دن تمام بد انتظامیوں کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے ، پولنگ سٹیشنز پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوج کی تعیناتی کی ہماری تحریری درخواست پر عملدرآمد نہیں کیا گیا،صوبائی اسمبلی میں کٹوتی کی تحریک کا جواب

ہفتہ 20 جون 2015 08:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 جون۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں شفاف،آزادانہ،منصفانہ اور پر امن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری تھی لیکن وہ اس ذمہ داری کو پوراکرنے میں ناکام رہا۔ جمعہ کے روزصوبائی اسمبلی میں ایم پی اے انیسہ زیب طاہر خیلی کی جانب سے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی کارکردگی سے متعلق پیش کردہ کٹوتی کی ایک تحریک کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پولنگ کے دن نظر آنے والی تمام بد انتظامیوں کا ذمہ دار الیکشن کمشن آف پاکستان ہے کیونکہ پولنگ سٹیشنز پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوج کی تعیناتی کی ہماری تحریری درخواست پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

وزیراعلی ٰنے مزید بتایا کہ اگرچہ میں عمومی طور پر پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہوں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہ انتخابات بڑے پیمانے پر منعقد ہو رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں امیدوار حصہ لے رہے تھے اور لاکھوں ووٹرز ووٹ کاسٹ کررہے تھے جن کو کنٹرول کرنا پولیس کیلئے مشکل تھا، یہی وجہ تھی کہ ہم نے مذکورہ انتخابات کوفوج کی نگرانی میں کرانے کے لئے پیشگی طور پر تحریری درخواست دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی سربراہی میں پہلے سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو پولنگ کے دن ہونے والی بد انتطامی کی تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کا تعین کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی کے خلاف میں کسی بھی قسم کی نا انصافی اور ظلم برداشت نہیں کر سکتا اور مرتکب افراد کے خلاف ایکشن لوں گا انہوں نے کہا کہ بعض پولنگ سٹیشنز پر عملہ یا تو موجود ہی نہیں تھا یا ان کو اچھی طرح سے تربیت نہیں دی گئی تھی ۔

کہیں مہریں موجود نہیں تھیں اور کہیں امیدواروں کے انتخابی نشانات غائب تھے۔ان سب چیزوں کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی نہ کہ وزیر اعلیٰ کی۔انہوں نے کہا کہ بعض ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی رپورٹس خودان کے اپنے خلاف ایف آئی آر کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے روز بد انتظامی کے لئے خیبر پختونخوا حکومت پر الزام عائد کرنا بلا جوازہے کیونکہ تمام وسائل الیکشن کمیشن کی صوابدید پررکھ دیئے گئے تھے جبکہ اس کے بدلے میں ہماری حکومت کو بدنام کرنے کے لئے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جس پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے ۔انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے تمام تر تجاویز کا خیر مقدم کیاجائے گا۔