رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط ختم ،رمضان پیکیج کے ثمرات ہر قیمت پر عام آدمی تک پہنچائیں گے، گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات ،کسی کو عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دوں گا:شہبازشریف،رمضان بازاروں کا مقصد عام آدمی کو حقیقی ریلیف کی فراہمی ہے،اربوں روپے کے رمضان پیکیج سے عوام مستفیدہو رہے ہیں ،صوبائی وزراء،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں :وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ہدایت، قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں نہ کرنیوالوں کیخلاف ایکشن لیا جائے:وزیراعلیٰ کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

اتوار 21 جون 2015 08:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کواشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ، آٹا،دالیں ،پھل اورسبزیاں سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں۔

صوبے بھر میں سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں جن کا مقصدعام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے- رمضان پیکیج کے ثمرات ہر قیمت پر عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پنجاب کی سیاسی و انتظامی مشینری کو متحرک کیا گیا ہے جس کے باعث رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء وافر مقدار میں سستے داموں عوام کو دستیاب ہیں اورعوام کی بڑی تعداد نے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی سستے داموں دستیابی کو سراہا ہے جس پر میں صوبائی مانیٹرنگ کمیٹی اور تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی کیلئے صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں اوراس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پنجاب حکومت کے رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں اور رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اوررمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے کیونکہ رمضان بازاروں میں اشرافیہ نہیں بلکہ عام آدمی، مڈل کلاس اورلوئرمڈل کلاس کے لوگ خریداری کیلئے آتے ہیں،لہٰذا ہمیں ان کامفاد مقدم رکھنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طورپر رمضان بازاروں میں کیے جانے والے انتظامات کی نگرانی کررہا ہوں اورکسی کو بھی عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دوں گااورکسی کوبھی ناجائز منافع خوری کے ذریعے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسی جذبے سے عوام کی خدمت کرنا ہے اورانہیں سہولتیں دینا ہیں۔

خدمت خلق ایک عبادت سے کم نہیں اور اس کے ذریعے دین اوردنیا دونوں کماسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی ہونی چاہیے اورکہیں سے بھی کسی چیز کی قلت کی شکایت نہیں آنی چاہیے۔ رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے سٹال پر ہر چیز کی قیمت علیحدہ علیحدہ نمایاں طو رپر آویزاں ہونی چاہیے اوراشیاء کی قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں نہ کرنیوالوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے- وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں برس رمضان المبارک کے دوران رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات کئے ہیں -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں خریداری کیلئے آئے افراد کی سہولت کیلئے پارکنگ کامناسب انتظام ہونا چاہیے ۔

خریداری کیلئے آئے افراد کیلئے پنکھے اور کولر بھی لگائے جائیں تاکہ روزہ داروں کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے- صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، بلال یاسین، محمد شفیق،فرخ جاوید، معاون خصوصی ارشد جٹ، چیف سیکرٹری، اراکین صوبائی اسمبلی، متعلقہ سیکرٹریز اور انتظامی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی -