گال ٹیسٹ :اسد شفیق نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بھنور سے نکال دیا،گرین شرٹس 417 رنز بنا کر 117رنز کی برتری حاصل کرلی ،اسد شفیق نے 131رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، سرفرا ز احمد 96رنز پر نروس نائٹیز کا شکار ہوگئے ، ذوالفقار بابر کی شاندار نصف سنچری ،سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے 4، دھمیکا پراساد 3، نوان پرادیپ 2 اور رنگانا ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی،417کے جواب میں سری لنکا نے دن کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 63 رنز بنا لئے ، اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 54رنز درکار ،پہلی اننگز کے سنچری میکر کوشل سلوا صرف 5رنز بنا سکے ،کونارتنے 36رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ کریز پر موجود

اتوار 21 جون 2015 07:59

گال(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جون۔2015ء) گال ٹیسٹ کا چوتھا دن مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بھنور سے نکال کر میچ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹ دیا ،118رنز پر 5 آؤٹ ہونے کے باوجود اسد شفیق اور سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ ، پاکستان کا ٹوٹل 417رنز تک پہنچا کر 117رنز کی برتری حاصل کرلی ، اسد شفیق 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز احمد 96 اور ذوالفقار بابر نے 56رنز کی شاندار انگز کھیلی ، جواب میں سری لنکا نے 2وکٹوں کے نقصان پر 63رنز بنا لئے ، پہلی اننگز کے سنچری میکر کوشل سلوا صرف 5رنز بنا سکے جبکہ کمارا سنگکارا بھی 18رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار ہوئے ۔

اس سے قبل چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز118 رنز 5 کھلاڑی آوٴٹ سے دوبارہ شروع کی۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد اوراسد شفیق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 139 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 235 تک پہنچا تو سرفراز احمد 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وہاب ریاض اور یاسر شاہ اسد شفیق کے ساتھ کریز پر زیادہ دیر اسکور کو آگے نہ بڑھا سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 14 اور 23 رنز بناکر چلتے بنے۔

اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کو پریشان کئے رکھا اور انہوں نے نویں وکٹ پر ذوالفقار بابرکے ساتھ 101 رنز جوڑے جس میں ذوالفقاربابرکی ٹیسٹ کیرئیر کی واحد نصف سنچری بھی شامل ہے جو 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق 131 رنز بنانے کے بعد 417 کے مجموعے پر پریرا کی گیند پر چندیمل کو کیچ دے بیٹھے۔ سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے 4، دھمیکا پراساد 3، نوان پرادیپ 2 اور رنگانا ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی۔

417رنز کے جواب میں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی پیسرز نے انہیں شروع میں ہی دباؤ میں لے لیا اور 18 رنز کے مجموعی سکور پر پہلی اننگز میں سنچری میکر کوشل سلوا صرف 5رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے ا س کے بعد آنے والے کمارا سنگاکارا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 18رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے دن کے اختتام پر سری لنکا نے 2وکٹوں کے نقصان پر 63رنز بنا لے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 54رنز درکار ہیں کونارتنے 36 اور پیریرا بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود ہیں ۔

واضح رہے کہ گال ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذررہا جس کے بعد دوسرے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کرپہلے میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے۔