ریاست بہار میں انتخابات ،غلط رپورٹنگ کرنے پر بھارتی چینل نے معافی مانگ لی،رواں سال دنیا بھر میں انتخابی نتائج کے حوالے سے پول غلط ثابت ہوئے اوربھارت میں بھی ایسا ہی ہوا، پرینائے رائے

منگل 10 نومبر 2015 09:01

دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10نومبر۔2015ء) بھارتی ریاست بہار میں الیکشن کے روز اور اس سے قبل حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی واضح جیت دکھانے والے میڈیا نے بالاخر معافی مانگ لی۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف تو جھوٹی خبریں دکھاتا رہتا ہے لیکن اب اس کی بوکھلاہٹ اپنے ہی ملک میں ہونے والے بہارالیکشن میں کھل کرسامنے آگئی، بہارالیکشن کے نتائج کی صبح بھارتی میڈیا مودی سرکار کو جیت کی خبریں دکھاتا رہا، بیشتر نامورچینلز اوراخبارات کے علاوہ اس پروپیگینڈے میں بھارتی ایجنسیوں کی ایگزٹ پول بھی پیش پیش رہی جس نے بھارتی جنتا پارٹی کی واضح برتری دکھا دی لیکن اپنی اس حرکت پربھارت کے ایک نجی ٹی وی نیو دہلی ٹی وی (این ڈی ٹی وی) کو معافی بھی مانگنا پڑگئی۔

(جاری ہے)

این ڈی ٹی وی کے بانی اور ایگزیکٹیو پرینائے رائے نے اس حوالے سے براہ راست معافی مانگتے ہوئے کہا کہ این ڈی ٹی وی 30 سال سے زائد عرصے سے انتخابات کی رپورٹنگ کر رہا ہے تاہم رواں سال انتخابات کے سروے کے حوالے سے برا رہا ہے جس کی مثال یونان، برطانیہ، اور ترکی کے انتخابات ہیں جن کے انتخابی پول کے نتائج غلط ثابت ہوئے جب کہ امریکی صدارتی الیکشن کے حوالے سے معتبر سمجھے جانے والے گیلپ سروے کے نتائج بھی غلط ثابت ہوئے ہیں اور ایک مرتبہ پھربھارت میں پول نتائج غلط ثابت ہوئے جسے بھرپور طریقے سے رپورٹ کیا گیا جس پر معافی چاہتے ہیں۔