ارتھ آور کے موقع پر ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک بلوچستان صوبائی اسمبلی کی تما م اضافی لائٹس بھجا دی گئیں

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)پاکستان کے دوسرے حصوں کی طرح ہفتہ کی رات بلوچستا ن میں بھی ارتھ آور (Earth Hour) منایا گیا۔ ارتھ آور کے موقع پر ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک بلوچستان صوبائی اسمبلی کی تما م اضافی لائٹس بھجا دی گئیں۔ ارتھ آور کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ارتھ آور منانے کا مقصد لوگوں میں توانائی کی بچت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے متعلق شعور اجاگر کر کے ہم اپنے پلانیٹ (Planet) کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمین کے مستقبل کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے ہم ایک گھنٹے کیلئے تمام اضافی بتیاں بند رکھ کر توانائی کے ضیاع پر قابو پاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کی ضرورت کے تناظر میں ارتھ آور ( Earth Hour) خصوصاً پاکستان کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیزمک زو ن ( Seismic zone) پر واقع ہے یہاں کے لوگوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شعور و آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔

اسپیکر نے موجودہ حکومت کے توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی کے کئی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی تکمیل سے ملک کی بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔