معروف امریکی کمپنی موٹرولا سلوشنز کی پاکستان ریلویز کو مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش

ہفتہ 25 مارچ 2017 22:20

لاہور۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)امریکہ کی معروف کمپنی موٹرولا سلوشنز نے پاکستان ریلویز کو ٹرین آپریشن ،ٹرین سیفٹی، سگنلنگ، ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنے تعاون کی پیش کش کی ہے ۔ یہ پیش کش موٹرولا سلوشنز کی3رکنی وفد نے سینئر وائس پریزیڈنٹ برائے ایشیاء محمداختر کی قیادت میں وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق ، چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا ودیگر حکام سے ایک ملاقات میں کی۔

موٹرولا سلوشنز نے ریلویز حکام کو کمپنی پروفائل پیش کی اور پاکستان ریلویز میں آنے والی انقلابی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز بین الاقوامی معیار اور بہترین شہرت کے حامل ملکی و غیر ملکی اداروں کے ساتھ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کام کرنے کا خواہش مند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے موٹرولا سلوشنز کی طرف سے ٹرین آپریشن اور ٹرین سیفٹی میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ پاکستان ریلویز اسی سلسلے میں پہلے ہی وزارت دفاعی پیداوار کے ذیلی ادارے نیسکام کے ساتھ رابطے میں ہے ۔

ہم اسی وقت ترجیحی بنیادوں پر ریلوے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ پاکستان ریلویز اس کام کو برسوں نہیں بلکہ مہینوں اور ہفتوں میں یقینی بنانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز وفاقی حکومت کا واحد ادارہ ہے جوہفتے کے روز بھی چھٹی نہیں کرتا، ہفتے کے روز مکمل ورکنگ ڈے کے بعد اتوار کے روز بھی دفاتر کھول لئے جاتے ہیں۔

ہماری خواہش ہے کہ جوادارے ہمارے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں وہ بھی اسی جذبے ، کمٹمنٹ اور رفتار سے چلیں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ورکنگ گروپ کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی معیار اور شہرت کے حامل اداروں کا پاکستان ریلویز پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور یہ منزل ساڑھے تین سال برس کی ان تھک محنت اور دیانت سے حاصل کی گئی ہے ۔

بین الاقوامی ادارے اسی عتماد کے ساتھ پاکستان ریلویز سے تعاون کریں کہ یہاں رشوت ، سفارش اور ذاتی پسندنا پسند سے بالاتر ہوکر پاکستان ریلویز کے مفاد میں صرف اور صرف میرٹ پر فیصلے ہوتے ہیں۔چیئرپرسن پروین آغا نے بتایا کہ پاکستان ریلویز نے موٹرولا سلوشنز کے ساتھ ایک ورکنگ گروپ قائم کیا ہے ۔ ملاقات میں قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر مقصودالنبی،، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل مکینیکل انصربلا خان،ڈی جی آئی ٹی فہد رحمان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :