سی پیک منصوبے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل جائیگی ،سی پیک کے خلاف دشمن قوتیں مختلف قسم کی سازشوں میں مصروف ہیں ،مسلح افواج ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہے ،بلوچستان میں امن وامان کے قیام کے لیے فرنٹیئرکور بلوچستان ،پولیس اور افواج پاکستان کا کردار مثالی ہے ،ایف سی بلوچستان میں نئے شامل ہونے والے جوانوں کے کندھوں پر صوبے کی ترقی کے مخالف دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا لورالائی میںفرنٹیئرکوربلوچستان کے 60ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 25 مارچ 2017 20:49

اسلام آباد/لورالائی۔25مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل جائیگی ،سی پیک کے خلاف دشمن قوتیں مختلف قسم کی سازشوں میں مصروف ہیں ،مسلح افواج ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہے ،بلوچستان میں امن وامان کے قیام کے لیے فرنٹیئرکور بلوچستان ،پولیس اور افواج پاکستان کا کردار مثالی ہے ،ایف سی بلوچستان میں نئے شامل ہونے والے جوانوں کے کندھوں پر صوبے کی ترقی کے مخالف دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتے کو لورالائی میںفرنٹیئرکوربلوچستان کے 60ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،میرسرفراز بگٹی ،عبید اللہ بابت ،رحمت صالح بلو چ،در محمدناصر ،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم ،آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند عناصر اپنی ذاتی مفادات اور بیرونی آقائوں کی خوشنودی کے لیے صوبے میں امن وامان خراب کرنا چاہتے ہیں ،یہ عناصر بیرون ملک آرام وآسائش کی زندگی گزار رہے ہیں اور بلوچستان میں اپنے کارندوں کے ذریعے امن وامان کا مسائل پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور وہ ان سازشی عناصر کے بہکاوے میں نہیں آئینگے بلوچستان میں امن وامان کے قیام کے لیے فرنٹیئرکور بلوچستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل روشن ہے یہ خطہ بہت جلد ترقی کریگا،پوری دنیا کی نظریں بلوچستان کی ترقی پر لگی ہوئی ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی ذمہ داریاں سر انجام دینے کے ساتھ ایف سی کی جانب سے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ایف سی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں ایف سی کو مزید معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم صحت اور دیگر سہولتوں کی فراہمی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کررہی ہے تاکہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن وامان کی خرابی میں جہاں ایک طرف بیرونی ملک بیٹھے ہوئے لوگ ذمہ دار ہے وہاں کچھ لوگ مذہب کے نام پر فرقہ وارانہ فسادات پھیلا کر صوبے میں بدامنی کے مرتکب ہورہے ہیں، ہماری بہادر افواج جرات اور بہادر ی سیان عناصر کی سرکوبیاور قلع قمع کررہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شرپسند عناصر، مذہب کے نام پر افراتفری پھیلانے والوں اور دشمن کا آلہ کار بننے والوں کے خلاف ہمارے سیکیورٹی اداروں کی شب و روزکی محنت اور قربانیوں سے ہمیں فتح حاصل ہوئی ہے تاہم اب بھی کچھ بچے کھچے عناصر موجود ہیں جنکا قلع قمع کرنا ہے اور انکو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے ایف سی سمیت تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایسے عناصر کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے عوام نے بہت سے مشکلات کا سامنا کیا اب اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور سیکورٹی اداروں کی محنت کی بدولت بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اس سے قبل فرنٹیئرکور بلوچستان کے 60ویں پاسنگ پریڈ میں 5434 جوانوں نے تربیت حاصل کی جن میں 1089کا تعلق بلوچستان سے ہے ،وفاقی وزیر داخلہ نے فرنٹیر کور بلوچستان کے 60ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس کو انعامات دئیے وفاقی وزیرداخلہ لورالائی کے آمدکے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

فرنٹیر کور کے انسپکٹر جنرل نے اپنے خطاب میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان میں سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ سوشل سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رھی ہے اور بلوچستان میں ایف سی کے زیرانتظام 64 سکول چل رہے ہیں جن میں 19000 سے زائد بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔آئی جی ایف سی نے کہا کہ ان سماجی خدمات کے تحت اب تک 65000 سے ذائد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انھوں نے آگاہ کیا کہ تعلیم، صحت اور کمیونٹی سروس کے مختلف منصوبوں پر اب تک 655 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔