پارٹی انتخابات،ترک صدردوبارہ اپنی جماعت آق کے سربراہ منتخب

میں آج اپنی پارٹی،اپنے گھر اور اپنی محبت کی طرف لوٹ آیا ہوں،جیت کے بعد ایردوآن کا خطاب ْ

پیر 22 مئی 2017 11:58

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)ترکی کی حکمراں جماعت ’انصاف وترقی‘(آق) نے پارٹی قیادت کے چناؤ کے لیے ہونے والے انتخابات میں صدر طیب ایردوآن کو جماعت کا دوبارہ سربراہ منتخب کرلیا۔عرب ٹی وی کے مطابق آق کے ایک اہم عہدیدار نے بتایا کہ اگست 2014ء ایردوآن نے جماعت کی قیادت اپنے ہاتھ میں لیے رکھی تھی تاہم اس کے بعد پچھلے تین سال وہ پارٹی کے صدر نہیں تھے۔

تاہم کل اتوار کے روز انہیں دوبارہ جماعت کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔پچھلے تین سال کے دوران پارٹی قیادت موجودہ وزیراعظم بن علی یلدرم کے ہاتھ میں تھی۔ تاہم حالیہ پارٹی قیادت کے انتخابات میں جماعت کی سربراہی کے لیے ایردوآن کے مقابلے میں دوسرا کوئی امید وار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

وہ بلا مقابلہ جماعت کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔صدر ایردوآن نے پارٹی کی قیادت ایک ایسے وقت میں دوبارہ اپنے ہاتھ میں لی ہے جب گذشتہ اپریل میں ہونے والے ایک عوامی ریفرنڈم میں انہوں نے ملک میں پارلیمانی کیبجائے صدارتی نظام کی داغ بیل ڈالی تمام اختیارات حاصل کرلیے ہیں۔

جماعت کے نائب صدر ھایاتی یازدجی نے بتایا کہ پارٹی انتخابات میں ایردوآن نے 1414 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ انقرہ اسٹیڈیم میں ہونے والے انتخابات میں ایردوآن کو پارٹی سربراہ منتخب ہونے پر کارکنان کی خوشی دیدنی تھی۔اس موقع پر صدر ایردوآن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مخصوص کانفرنس جس میں 1470 ارکان جماعت کو مدعو کیا گیا تھا نئے ترکی کا نقطہ آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیش آئند چند مہینوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ، اقتصادی ترقی، شہری حقوق، بنیادی شہری آزادیوں اور سرمایہ کاری سمیت کئی دیگر شعبوں میں ترکی تیزی کیساتھ آگے بڑھے گا۔خیال رہے کہ اگست 2014 کو ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعد ایردوآن کو پارٹی کی قیادت چھوڑنا پڑی تھی۔ حال ہی میں دستور میں ترمیم کیبعد انہوں نے پارٹی قیادت دوبارہ اپنے ہاتھ میں لینے کی راہ ہموار کرلی تھی جسے انہوں نے دیگر قائدین کے ساتھ مل کر 2001ئ میں قائم کیا تھا۔اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے صدر ایردوآن نے کہا کہ میں آج اپنی پارٹی،اپنے گھر اور اپنی محبت کی طرف لوٹ آیا ہوں۔

متعلقہ عنوان :