بادام جسم میں مفید کولیسٹرول بڑھاتا ہے

جمعہ 18 اگست 2017 12:39

پنسلوانیا۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اگست ء) امریکا کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے بادام کھانا جسم میں مفید کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے۔ پنسلوانیا سٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی تحیقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بادام جسم میں ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے جسے ’’اچھا کولیسٹرول‘‘ کہا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب یہ جسم سے مضر صحت کولیسٹرول کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس مطالعے میں لوگوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا اور ان میں سے ایک کو روزانہ بادام کھلائے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو چھوٹے کیک دیئے گئے۔ اس دوران دونوں گروپس میں ہائی ڈینسٹی لائپوپروٹین (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کو نوٹ کیا جاتا رہا۔ اس مطالعے سے واضح ہوا کہ بادام کھانے والے افراد میں جسم کے لیے موزوں ایچ ڈی ایل کی مقدار بڑھی اور اس کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی۔ یونیورسٹی کی سائنسداں پینی کرس ایتھرٹن کہتی ہیں کہ اس سے قبل کئی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بادام کھانا خود ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے جس کی مقدار بڑھ جائے تو دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح بادام کھانے سے مفید کولیسٹرول بڑھتا ہے اور دل دشمن کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔