عمران خان گلالئی سے ان کیمرہ معافی مانگنے کیلئے تیار ہیں: طلال احمد چوہدری کا دعوی

جمعہ 18 اگست 2017 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اگست ء) وزیر مملکت طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی کے مستقل صدر کا فیصلہ ورکنگ کونسل کرے گی، پارٹی امور چلانے کیلئے ناصر خان کو قائم مقام صدر بنایا گیا، عمران خان گلالئی سے ان کیمرہ معافی مانگنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حلقہ این اے 120 میں کلثوم نواز مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گی، مخالفین ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ عوام نے مسترد کر دیا ہے، آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان کے عوام اس پر یہ مہر ثبت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے گلالئی کے الزامات کے حوالے سے ثبوت فراہم کرنے کے معاملہ پر راہ فرار اختیار کرنا الزامات کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھی گلالئی کو ڈرا دھمکا کر الزامات واپس لینے پر زور دے رہے ہیں۔ بعض حلقوں کی طرف سے یہ بات بھی باہر آئی ہے کہ عمران خان کی طرف سے الزامات واپس لینے پر گلالئی سے ان کیمرہ معافی مانگنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی دوسری سیاسی جماعت کی قیادت کو برداشت نہیں کرتے، سیاست میں عدم برداشت کے رویے ڈکٹیٹر شپ کی غمازی کرتے ہیں۔ عوام ان کی اس سوچ کو مسترد کر چکے ہیں جی ٹی روڈ ریلی نے مخالفین اور سازشی قوتوں کی آنکھیں کھول دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :