مصری صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے پہلی عوامی ملاقات،تصاویر جاری

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی ،مصری صدارتی محل

بدھ 20 ستمبر 2017 12:18

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات ستمبر ء)مصر اور اسرائیل کے مابین خفیہ مذاکرات کا سلسلہ تو ایک عرصے سے جاری ہے لیکن ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ مصر کے صدر نے عوامی سطح پر اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور پھر اس ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس وہ واحد موقع ہوتا ہے، جہاں دنیا بھر کے سب سے زیادہ سربراہان حکومت و مملکت ایک ساتھ شرکت کرتے ہیں۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کا آغاز منگل کے روز سے ہو گیا ہے۔ نیویارک میں اس موقع کا فائدہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتین یاہو نے بھی اٹھایا ہے۔قاہرہ میں صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مصری صدر نے فریقین کے مابین امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ان مذاکرات کا مقصد تنازعے کا ’جامع حل‘ تلاش کرنا ہوگا۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن مذاکرات سن 2014 سے منجمد ہیں۔قاہرہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مصری صدر السیسی نے نیویارک میں ہی فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی ہے۔ مصر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو ریاستی حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :