حرمین کی خدمت کے اعزاز کا استحقاق ثابت کرتے رہیںگے،شہزادہ محمد بن سلمان

ہفتہ 23 ستمبر 2017 13:51

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار ستمبر ء) سعودی عرب کے 87ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کا جو اعزاز عطا کیا ہے اس کا استحقاق ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی ثابت کیا جاتا رہے گا۔

سعودی خبار کے مطابق سعودی وژن2030ء کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے پراگندہ شیرازے کو جمع کرنے کی یاد مناتے وقت سعودی مرد و خواتین جی جان سے خوش ہیں۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود نے پراگندہ ریاستوں کو مملکت سعودی عربیہ کے سائبان تلے ایک لڑی میں پرویا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی ریاست کے ستون استوار کئے تھے۔

پھر ان کے صالح فرزند حکمرانوں نے ان کے مرتسم کردہ راستے پر چل کر مملکت کو بنانے سنوارنے میں حصہ لیا۔وطن عزیز کے مخلص فرزندوں نے اپنی مبارک مساعی کے ذریعے مملکت کے قیام اور پھر اس کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردارادا کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یوم الوطنی ہمیں بے حد عزیز ہے۔ اس موقع پر ہم حرمین شریفین کی خدمت ، نگہداشت اور ان کی زیارت کیلئے آنے والے حجاج ، معتمرین اور زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کا اعزاز عطا کرنے پر رب العالمین کے شکر گزار ہیں۔

سعودی ریاست نے اس عظیم ہدف کو حاصل کرنے کیلئے جملہ وسائل وقف کررکھے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں امن و امان، سکون و اطمینان اور ترقی و خوشحالی کی نعمتوں سے مالا مال کررکھا ہے۔ ہم اس پر بھی رب کے شکر گزار ہیں۔ اس پر بھی ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری ریاست کو قدرتی وسائل اور اہل افرادی قوت نیز منفرد اسٹراٹیجک محل وقوع بخشا ہے جسکی بدولت یہ ریاست ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آسکتی ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ان دنوں قائد اعلیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی رہنمائی میں وطن عزیز اس ریاست کے سابق حکمرانوں کے کارروان تعمیر و ترقی کو آگے بڑھارہے ہیں۔ ہماری آرزو ہے کہ سعودی عرب ہر سطح پر مثالی قائدانہ کردار ادا کرے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نوجوانوں اور لڑکیوں سے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ سعودی وژن 2030کیلئے انتھک محنت کریں۔