سیڑھیاں چڑھنا بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ،نئی تحقیق

پیر 19 فروری 2018 17:51

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 19 فروری 2018ء)نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیڑھیاں چڑھنا بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔تحقیق کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے کی عادت ہائی بلڈ پریشر کو معمول پر لانے کے ساتھ ساتھ درمیانی عمر کے افراد کی ٹانگوں کو بھی مضبوط بناتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ درمیانی عمر کی خواتین کے ہارمونز کے نظام میں تبدیلیوں سے عضلاتی اور مسلز کے مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے، تاہم سیڑھیاں چڑھنا عادت بناکر ورزش کے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس عادت کے نتیجے میں خون کی شریانوں میں ہی بہتری نہیں آتی بلکہ بلڈ پریشر میں کمی اور شریانوں کی اکڑن کم ہوتی ہے، شریانوں پر چربی کم ہوتی ہے، ہڈیوں کا بھربھرا پن جیسا مرض بھی دور ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق کے مطابق طرز زندگی میں ایک معمولی سی تبدیلی جیسے سیڑھیاں چڑھنا عمر بڑھنے سے عضلاتی نظام اور ٹانگوں کے مسلز پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔طبی جریدے جرنل مینوپوز میں شائع تحقیق کے دوران درمیانی عمر کی خواتین کا جائزہ لیا گیا جو کہ ایک ہفتے میں چار دن 192 سیڑھیاں دن بھر میں دو سے پانچ بار چڑھتی اترتی تھیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ اس عادت کے نتیجے میں بلڈ پریشر اور شریانوں کی اکڑن میں کمی آئی جبکہ ٹانگوں کی مضبوطی میں اضافہ ہوا۔