رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرو انتقال کر گئے

منگل 20 مارچ 2018 23:40

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 20 مارچ 2018ء) پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرو علالت کے بعد 59 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ محمد ایاز سومرو 31 دسمبر 1958 میں شہدادکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم شہدادکوٹ اور لاڑکانہ سے حاصل کی جس کے بعد ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرکے وکیل بنے۔ محمد ایاز سومرو سپریم کورٹ باراور سندھ بار کونسل کے بھی رکن تھے۔

محمد ایاز سومرو کا بنیادی تعلق پیپلزپارٹی سے رہا اور وہ طالبعلم کے زمانے سے پیپلزپارٹی کی طلبہ ونگ سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن میں سرگرم کارکن اور مرکزی سیکریٹری جنرل رہے۔محمد ایاز سومرو ضلع لاڑکانہ کے صدر سمیت پیپلزپارٹی کے مقامی عہدوں پر بھی پارٹی کے لئے ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

(جاری ہے)

وہ اپنے خاندان میں چار بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔

انہوں نے ایک شادی کی لیکن بدقسمتی سے وہ اولاد کی نعمت سے محروم رہے۔ محمد ایاز سومرو کی وفات کی خبر کے بعد کارکنان کی بڑی تعداد ان کی سچل کالونی میں واقع رہائش گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ان کی میت جمعرات کے روز امریکہ سے کراچی اور پھر لاڑکانہ لائی جائے گی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین شہداد کوٹ شہر میں واقع آبائی قبرستان میں والد اور والدہ کے پہلو میں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :