فیس بک کا یہودی کالونیوں کو القدس کے نقشے میں ظاہر کرنا اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے ، فلسطینی وزارت اطلاعات

فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں کی تعمیر ،اسرائیلی توسیع پسندانہ منصوبوں کی حمایت مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی مساعی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے، بیان

منگل 20 مارچ 2018 22:51

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 20 مارچ 2018ء) فلسطینی وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ فیس بک کا یہودی کالونیوں کو القدس کے نقشے میں ظاہر کرنا اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے ۔فلسطینی محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی توسیع پسندی اور آباد کاری کی حمایت اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 1967ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں کی تعمیر اور اسرائیلی توسیع پسندانہ منصوبوں کی حمایت مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی مساعی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فیس بک کی طرف سے بیت المقدس کی یہودی کالونیوں کو القدس میں شامل کرنے اورالقدس کے نقشے میں ظاہر کرنا اقوام متحدہ کی قرارداد 2334 کی خلاف ورزی اور چار جون 1967ء کی جنگ کے دوران قبضے میں لئے گئے فلسطینی علاقوں صہیونی ریاست میں ضم کرنے کی سازشوں کو آگے بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی عبرانی اخبار ’یسرائیل ھیوم‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فیس بک کی ممالک اور حکومتوں کیساتھ رابطے کی ذمہ دار یرڈینا کوٹلر نے اسرائیلی نائب وزیرخارجہ زیپی حوٹوفیلی کی طرف سے دی گئی درخواست منظور کرلی ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ فیس بک بیت المقدس اور اس کے اطراف میں یہودیوں کیلئے قائم کی گئی کالونیوں کو القدس کے نقشے میں شامل کرے اور القدس کو صہیونی ریاست کا شہر قرار دے۔

فیس بک نے 1967ء کے بعد بیت المقدس میں التلہ الفرنسیہ۔ گیلو، بیسگات زئیوف، ھار حوما، نافیہ یعقوب اور کئی دیگر یہودی کالونیوں کو صہیونی ریاست میں ضم کردیا ہے۔اسرائیلی نائب وزیرخارجہ نے فیس بک کی انتظامیہ تک یہودی آباد کاروں کی بعض شکایات بھی پہنچائی ہیں۔ ان میں ایک یہ شکایت بھی شامل ہے کہ ان کے صفحات پر اسرائیلی تجارتی کمپنیوں کے اشتہارات دکھائی نہیں دیتے۔حوٹوفیلی نے فیس بک کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ یہ بات غیرمعقول ہے کہ ویب سائٹ مشرقی بیت المقدس کی یہودی کالونیوں کو القدس میں شامل نہ کرے۔رپورٹ کے مطابق فیس بک کی عہدیدار یرڈینا کوٹلر کچھ عرصہ تک اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر میں کام کر چکی ہیں۔