پی ٹی آئی نے حکومتی جماعت کے میڈیا سیل کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ اٹھا دیا

مریم نواز کی سربراہی میں متحرک میڈیا سیل کے افراد کو پی ٹی وی اورپی آئی ڈی کے ذریعے تنخواہیں کس مد اور کس کھاتے سے ادا کی جا رہی ہیں فواد چوہدری کا وفاقی سیکرٹری کو خط

منگل 20 مارچ 2018 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 20 مارچ 2018ء)حکومتی جماعت کے میڈیا سیل کے ملازمین کو پی ٹی وی اور پی آئی ڈی کے ذریعہ تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملے پر تحریک انصاف نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو خط تحریک کیا ہے۔ خط مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے تحریر کیا گیاہے۔ خط کے متن کے مطابق فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سربراہی میں حکومتی جماعت کا میڈیا سیل متحرک ہے۔

(جاری ہے)

آئین کا آرٹیکل 19 شہریوں کو معلومات تک رسائی کا حق فراہم کرتا ہے۔سیکرٹری اطلاعات بتائیں ان افراد کو تنخواہیں کس مد اور کس کھاتے سے ادا کی جا رہی ہیں۔کیا یہ تاثر درست ہے کہ یہ افراد پی آئی ڈی اور پی ٹی وی کے پے رول پر ہیں۔کیا یہ درست ہے کہ مریم نواز کی سیکرٹری شادی کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کے باوجود پی ٹی وی سے تنخواہ لے رہی ہے۔کیا یہ بھی درست ہے کہ نعمان، کائنات اور معظم نامی افراد پی ٹی وی کے پے رول پر ہیں۔کیا یہ بھی حقیقت ہے کہ قاسم نامی شخص کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے تنخواہ دی جاتی ہے۔آپ سے گزارش ہے کہ قانون کے تحت دستیاب مدت میں ان افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔