حرم شریف میں چھوٹی متحرک کرین گر گئی

کرین گرنے سے ڈرائیورزخمی ہوگیا ،تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس

اتوار 20 مئی 2018 23:38

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء): حرم شریف میں چھوٹی کرین گر گئی، جس کے نتیجہ میں کرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے،تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں چھوٹی متحرک کرین گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ کرین گرنے سے ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے۔حرم شریف کی انتظامیہ نے زخمی ڈرائیور کو فوری ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

تاہم کرین گرنے کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔حرم شریف میں چھوٹی کرین گرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ کرین عوام کے ہجوم والی جگہ پر نہیں تھی بلکہ اس جگہ پر گری ہے جو جگہ تعمیر و مرمت کیلئے مخصوص کی گئی تھی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کرین کے ڈرائیور کو معمولی چوٹ آئی ہے۔

واضح رہے حادثاتی واقعات کا ہونا کوئی معمول کا کام نہیں ،سعودی حکومت نے حادثات سے بچاؤ کیلئے بڑے حفاظتی اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔ 12ستمبر 2015ء حرم شریف کی توسیع کا کام جاری تھا۔ حرم شریف کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کیلئے ہیوی کرینیں اور مشینیں کام کررہی تھیں کہ حج کے ایام سے کچھ روز قبل طوفان آگیا۔ طوفان سے ہیوی کرین جوکہ چھت پرکام کررہی تھی نیچے گر گئی۔

چونکہ حج کے ایام تھے اس لیے لوگوں کا جم غفیر تھا۔ دنیا بھر سے آئے حجاج کرام حرم شریف میں اپنی عبادت میں مصروف تھے کہ ہیوی کرین گر گئی۔ کرین گرنے سے 107 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ افسوس ناک واقعے سے پوری دنیا میں کہرام مچ گیا۔ سعودی حکومت نے جس کنسٹرکشن کمپنی کی کرین گری تھی ۔اس کمپنی کے خلاف ایکشن بھی لیا اور بن لادن کمپنی کو قانون کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

جبکہ سعودی حکومت نے واقعے میں جاں بحق افرادکے لواحقین اور زخمی افراد کو مالی امداد بھی فراہم کی تھی۔جبکہ زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین سہولیات مہیا کی گئی تھیں۔اس سے قبل بھی سعودی عرب میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔تاہم سعودی حکومت کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بہترین حفاظتی اقدمات بھی ٹھائے گئے ہیں۔