کیا واقعی اداکارہ شبنم نے فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ؟

فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر اداکارہ شبنم نے کوئی بیان جاری نہیں کیا، اداکارہ شبنم کے بیٹے بیٹا رونی گھوش کا بیان

اتوار 3 جون 2018 15:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 3 جون 2018ء) اداکارہ شبنم کے بیٹے بیٹا رونی گھوش کا کہنا ہے کہ فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر اداکارہ شبنم نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق فاروق بندیال کو تحریک انصاف میں شامل کرنے پر سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی اور سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کو لوگوں نے خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک ایسے شخص کو پارٹی میں کیسے شامل کر سکتے ہیں جو ماضی میں سنگین جرائم میں ملوث رہا ہو اور اس نے شبنم نامی ماضی کی معروف اداکارہ کے ساتھ زیادتی بھی کی ہو۔

سوشل میڈیا صارفین کے غصے نے رنگ دکھایا اور پی ٹی آئی نے چند گھنٹوں بعد ہی فاروق بندیال کو پارٹی سے نکال دیا۔جس کے بعد بہت سارے لوگوں نے پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کیا اور عمران خان کے اس اقدام کو سراہا وہاں ہی اداکارہ شبنم کے نام سے منسوب ایک ٹویٹ بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی جس میں انہوں نے عمران خان کا فاروق بندیال کو پارٹی سے نکالنے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

تاہم قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ وہ ٹویٹر اکاؤنٹ اداکارہ شبنم کا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ اداکارہ شبنم نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا اور نہ ہی ٹوئیٹر پر ’’جھرنا باسک ‘‘کے نام سے اُن کا کوئی اکاؤنٹ ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اُن کے نمائندے نے جب ڈھاکہ میں شبنم کے گھر فون کیا اور ان کی بات شبنم کے بیٹے رونی گھوش سے ہوئی جنہوں نے بتایا کہ شبنم ان دنوں کافی علیل ہیں اور اس حالت میں نہیں ہیں کہ میڈیا سے بات کرسکیں۔

تاہم انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ ان کی والدہ نے کبھی ٹوئٹر استعمال کیا اور ʼجھرنا باسک کے نام پر چلائے جانے والے اکاؤنٹ کا اُن کی والدہ شبنم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کا نام استعمال کرنے کے پیچھے سیاسی ایجنڈا ہو سکتا ہے۔