سعودی عرب: آج سے شبینہ عبادات کا سلسلہ شروع ہو گیا

آخری عشرہ کے دوران مملکت کی تمام مساجد رات بھر کھُلی رہیں گی

منگل 5 جون 2018 13:22

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 5 جون 2018ء)منگل کی رات سے شروع ہونی والی شبینہ عبادات کے سلسلے میں خانہ کعبہ‘ مسجد نبوی اور مملکت کی دیگر مساجد میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان شبینہ عبادات کا اہتمام رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیا جاتا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اس شبینہ عبادت کا آغاز رات 12:45 بجے ہوتا ہے جس کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے کا ہوتا ہے۔

جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں کی مساجد میں یہ عبادت رات ایک بجے شروع ہو کر ایک یا دو گھنٹے تک جاری رہتی ہے۔ رمضان المبارک میں دیگر ممالک سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے مساجد میں عورتوں کے لیے عبادت کے واسطے علیحدہ احاطے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مخیر حضرات کی جانب سے اس شبینہ عبادت کے لیے آنے والے زائرین کے لیے پانی اور مشروبات کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔

اس شبینہ عبادت میں کُل چھے رکعات شامل ہوتی ہیں۔ جس کے بعد تین رکعات پر مشتمل وتر کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ قرآن مجید کے نزول اور شبِ قدر کی فضیلت کی وجہ سے رمضان کا آخری عشرہ مُسلم اُمّہ کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس وجہ سے ان راتوں میں عبادتِ الٰہی کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا جتن کیا جاتا ہے۔ وزارتِ امور اسلامی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران رات بھر مساجد کھُلی رکھی جائیں تاکہ مسلمان رات بھر تلاوتِ قرآن پاک اور دیگر عبادات کر سکیں۔

اس عشرہ کی فضیلت کو دیکھتے ہوئے مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا ۔وزارت کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق مملکت کی تمام مساجد کے ائمہ کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تراویح اور شبینہ عبادت کے دوران زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور عبادت سے متعلقہ انتظامات مکمل ہونے کو یقینی بنائیں۔ جن مساجد میں خواتین کے لیے علیحدہ عبادت کے گوشے مختص نہیں ہیں‘ وہاں عارضی پارٹیشنز بنا کر کام چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔