جسٹس (ر) دوست محمد خان نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر

منگل 5 جون 2018 10:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 5 جون 2018ء)الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کا اعلان کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے جسٹس (ر) دوست محمد خان نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر مجید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی صدارت آج اہم اجلاس ہوا جس میں تفصیلی غور و خوض ہوا اور متفقہ طور پر جسٹس(ر)دوست محمد خان نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر کر دیا گیا۔

جسٹس(ر)دوست محمد خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے دیا گیا۔  سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق جسٹس(ر)دوست محمد سابق جج رہے ہیں اور قانونی معاملات میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) دوست محمد کا نام اب حتمی تقرری کیلئے گورنر خیبرپختونخوا کو بھیجا جائے گا۔جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد وہی جج ہیں جنہوں نےکچھ عرصہ قبل  سپریم کورٹ سے سبکدوش ہونے پر الوداعی تقریب سے انکار کر دیا تھا۔

اور فل کورٹ ریفرنس سے بھی انکار کیا تھا۔ آپ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن میں نگران وزیراعلی پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پہلے منظور آفریدی کے نام کا اعلان کیا لیکن پھر وہ نام واپس لے لیا ۔ جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن میں متعدد اجلاس ہوئے لیکن نگران وزیراعلی کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔ جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں گیا اور وہاں بھی اتفاق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن میں لایا گیا۔