خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف الگ الگ اپیلیں مسترد

منگل 26 جون 2018 19:43

لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزراء خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف الگ الگ اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے اور انھیں انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف الگ الگ اپیلوں پر سماعت کی جن میں ریٹرنگ آفیسر کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔

خواجہ آصف کے خلاف اپیل میں دعوی کیا گیا کہ کاغذات نامزدگی میں تمام تر معلومات فراہم نہیں کی گئیں اس لیے ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزیر خارجہ کو این اے 73 سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب این اے 72 سے تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر اعتراض اٹھایا گیا اور دعوی کیا گیا کہ فردوس عاشق اعوان نے کاغذات نامزدگی میں شادی اور بچوں کا خانہ پر نہیں کیا اور جائیدادوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل مسترد کر دی اور ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔لاہور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونلز کل بھی کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلوں پر سماعت کرے گا۔