سعودی عرب:غیر قانونی حاجیوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی

مملکت میں مقیم غیر مُلکیوں کو پرمٹ کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 جولائی 2018 12:39

سعودی عرب:غیر قانونی حاجیوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جُولائی 2018) سعودی مملکت میں روزگار کی غرض سے مقیم غیر مُلکیوں کو بغیر پرمٹ کے حج کرنے کی کوشش بہت بھاری پڑ سکتی ہے۔ ایسی کسی حرکت کی صورت میں اُنہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور اُن کے مملکت میں داخلے پر دس سال کے لیے پابندی بھی عائدکی جائے گی۔ سعودی حکام کے مطابق مملکت میں مقیم سعودی باشندے اور غیر مُلکی ورکروں پر حج کے دِنوں میں بغیر سرکاری پرمٹ کے مکّہ مکرمہ میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

مملکت میں موجود غیر مُلکی اگر حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اُنہیں سعودی حدود میں موجود اُن لائسنس یافتہ کمپنیوں سے رجسٹریشن کروا کر پرمٹ لینا ہو گا جو خواہش مند افراد کو حج پر لے جانے کا انتظام کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کرنے والوں کو سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا سزامنا کرنا پڑے گا۔ جبکہ وہ ٹرانسپورٹ اور بسیں جو ایسی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائی گئیں‘ اُن کے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ٹرانسپورٹ مالکان کو مذکورہ حرکت کے ارتکاب پر پندرہ دِن کے لیے جیل بھیجا جائے گا اور ان پر فی غیر قانونی عازمِ حج کے حساب سے دس ہزار سعودی ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ جبکہ دُوسری بار مسلسل ایسی کسی حرکت کے ارتکاب پر ٹرانسپورٹ مالک کو دو مہینے کی قیدکے علاوہ ہر غیر قانونی سواری کے بدلے پچیس ہزارسعودی ریال ادا کرنا ہوں گے۔ حکام کے مطابق اس پابندی کا مقصد پُوری دُنیا سے آئے عازمینِ حج کو کسی قسم کے اضافی رش اور دُشواری سے بچانا ہے۔ واضح رہے کہ اگست 2018ء کے دوران دُنیا بھر سے بیس لاکھ سے زائد عازمینِ حج سعودی مملکت میں موجود ہوں گے۔ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک رُکن ہے جو ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور فرض ہے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں