جدہ: رواں ہجری سال عمرہ ویزہ حاصل کرنے والوں کی تعداد سات لاکھ تک پہنچ گئی

ایک لاکھ 70 ہزار ویزوں کے ساتھ پاکستانی عمرہ زائرین سرفہرست ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 اکتوبر 2018 15:40

جدہ: رواں ہجری سال عمرہ ویزہ حاصل کرنے والوں کی تعداد سات لاکھ تک پہنچ گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر2018ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ ویزوں کے حوالے سے تازہ اعداد و شمار ظاہر کر دیئے گئے جن کے مطابق محرم میں رواں ہجری سال کے آغاز سے اب تک عمرہ سیزن کے دوران 6 لاکھ 88ہزار 184 ویزوں کا اجراء ہو چکا ہے۔ اب تک مملکت میں عمرہ کی غرض سے 4 لاکھ 11ہزار 654 افراد تشریف لا چکے ہیں۔ جن میں سے ایک لاکھ 56 ہزار 529 معتمرین عمرہ کی ادائیگی اور مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کے بعد اپنے اپنے ممالک کو واپس جا چکے ہیں۔

جبکہ 2 لاکھ 55ہزار 125 معتمرین اس وقت عمرے کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ ان عمرہ زائرین میں سے فی الوقت ایک لاکھ 79 ہزار 643 مکّہ مکرمہ میں موجود ہیں جبکہ 75 ہزار 482 افراد مدینہ منورہ میں ڈیرہ جمائے بیٹھے ہیں۔ فضائی راستوں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 3 لاکھ 86ہزار 750 ، بری راستوں سے آنے والوں کی تعداد 24 ہزار880 جبکہ سمندری راستے سے آنے والوں کی گنتی محض 24 ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا سے اس وقت تک تقریباً 59 ہزار، برطانیہ سے 9ہزار، متحدہ عرب امارات 9 ہزار اور بنگلہ دیش سے تقریباً 5800 افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے مملکت میں آ چکے ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق اب تک سب سے زیادہ ویزے پاکستان کے شہریوں کو جاری کیے گئے ہیں، جن کی تعداد ایک لاکھ 70ہزار 824 ہے۔ دُوسرے نمبر پر عمرہ ویزے ہندوستان میں مقیم مسلمانوں کو جاری کیے گئے جن کی گنتی 95 ہزار 749 بتائی گئی ہے۔

سب سے کم عمرہ ویزے تُرکی کے لیے جاری ہوئے ، جہاں کے صرف 4 ہزار 652 باشندوں کو عمرہ ویزے کی سہولت دی گئی۔ معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں