امارات: خاتون نے جادو کے الزام میں ملازمہ کے خلاف پرچہ درج کرا دیا

ملازمہ شیطانی عمل کے تحت کھانے میں خون کی ملاوٹ کرتی ہے: خاتون کا دعویٰ

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 اگست 2018 12:30

امارات: خاتون نے جادو کے الزام میں ملازمہ کے خلاف پرچہ درج کرا دیا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اگست 2018ء) راس الخیمہ میں ایک اماراتی خاتون نے اپنی افریقی ملازمہ کے خلاف تھانے میں شکایت درج کرائی ہے کہ وہ اُس کی فیملی کی جائیداد اور مال و دولت ہتھیانے کے لیے جادو کا سہارا لے رہی ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق یہ معاملہ جولائی 2018ء میں اُس وقت سامنے آیا جب خاتون نے اپنے علاقے کے پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرائی کہ اُس کے ہاں ایک افریقی ملازمہ کام کرتی ہے جو اُس پر اور اُس کے گھر والوں کے ذہنوں پر قابو پانے کے لیے کالے علم کا سہارا لے رہی ہے۔

اس مقصد کی تکمیل کے لیے وہ قبلہ سے مخالف سمت میں منہ کر کے نماز ادا کرتی ہے جو شعائر اسلام کی خلاف ورزی ہے اور اسلامی تعلیمات کی توہین کے زمرے میں آتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ کئی اور قسم کے کالے جادو کے عمل بھی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

جن میں سے ایک عمل گھر والوں کے لیے کھانا پکانے کے دوران اُس میں کسی جانور کا خون شامل کرنا ہے۔ کئی بار اُس کی ان حرکتوں پر اُس کی ڈانٹ ڈپٹ کی گئی مگر وہ سُدھرنے کا نام نہیں لے رہی۔

پُوری فیملی اُس کے اس شیطانی عمل کی وجہ سے ذہنی مریض بن کر رہ گئی ہے ‘ جس کے باعث اُس کے خلاف پولیس سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس نے خاتون کی بات سُننے کے بعد مذکورہ افریقی ملازمہ کو طلب کیا‘ اور ابتدائی تفتیش کے بعد اُسے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا۔ ملازمہ نے مقدمے کی سماعت کے دوران اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

اُس نے اپنے دفاع میں کہا کہ دراصل مذکورہ خاتون جو کہ اُس کی ایمپلائر ہے‘ کی جانب سے اُسے کئی مہینوں سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی جب بھی تنخواہ مانگی جائے تو وہ ٹال مٹول سے کام لیتی ہے۔ اُس نے جان بُوجھ کر مجھ پر الزام عائد کر کے گرفتار کروایا تاکہ وہ مجھے میرے بقایا جات کی ادائیگی کیے بغیر مجھ سے چھُٹکارا حاصل کر لے۔ عدالت نے ملزمہ کا مؤقف سُننے کے بعد اُسے بے قصور قرار دیتے ہوئے رہا کر دیا۔ اور مُدعی خاتون کا دعویٰ خارج کرنے کا حُکم سُنا دِیا۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں