شارجہ: اگر کوئی شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرے تو آپ کیا کریں گے

پولیس کی جانب سے عوام کو وارننگ جاری کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 نومبر 2018 17:39

شارجہ: اگر کوئی شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرے تو آپ کیا کریں گے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 نومبر2018ء) شارجہ پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اس وقت کچھ افراد اور گروہ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے لُوٹ مار کی کارروائیاں کر رہے ہیں ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پولیس کے مطابق اگر کوئی شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے آپ کو سڑک پر روکتا ہے تو آپ سب سے پہلے اُسے کہیں کہ وہ اپنا سرکاری شناختی کارڈ دکھائے۔

اگر وہ اپنا کارڈ آپ کی آنکھوں کے سامنے تیزی سے لہرا کر واپس جیب میں رکھ لیتا ہے ، مگر اس دوران آپ کی تسلّی نہیں ہوئی کہ یہ شخص واقعی پولیس اہلکار ہے تو آپ اُس سے اُس کا شناختی کارڈ دوبارہ دیکھنے کی خواہش کر سکتے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس وقت کئی ایسے جرائم پیشہ افراد اور گروہ سرگرم ہیں جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے لوگوں کو روکتے ہیں اور پھر اُن سے لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ افراد لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے عربی زبان کا سہارا لیتے ہیں، اور ان کا زیادہ تر نشانہ ایشیائی ممالک کے لوگ ہوتے ہیں، کیونکہ یہ لوگ عربی زبان سے ناواقف ہوتے ہیں۔ کئی لوگوں نے شکایت کی کہ اُنہیں کسی سنسان سڑک پر ایک شخص نے روک کر خود کو کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (CID) کا اہلکار ظاہر کیا اور پھر اُن کے پاس موجود نقد رقم اور دیگر سامان لُوٹ لیا۔

پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پٹرولنگ پر تعینات اہلکار کسی شخص پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شُبہ گزرنے پر اُس سے صرف شناختی کارڈز مانگنے کے مجاز ہیں۔کوئی بھی پولیس اہلکار کسی شخص سے رقم یا سامان کا مطالبہ نہیں کرتا۔ اس حوالے سے ایک آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت عربی، انگریزی اور اُردو زبان میں پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شاپنگ سنٹرز اور کلینکس میں بھی پوسٹرز بھی چسپاں کیے گئے ہیں۔اماراتی قانون کی رُو سے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے لُوٹ مار کرنے والوں کو پانچ سال کے لیے جیل کی ہوا کھانا پڑی سکتی ہے۔ اگر عوام کو ایسے کسی دھوکے بازوں پر شُبہ ہو تو وہ اس کی اطلاع 80040 یا 065943210 پر دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں