Darzi Parinda - Article No. 2165

Darzi Parinda

درزی پرندہ - تحریر نمبر 2165

ہم بہت احتیاط سے چوڑے،مضبوط اور لچکدار پتوں کا انتخاب کرتے ہیں،تاکہ ہمارے گھر کی بناوٹ بھی اچھی ہو اور وہ مضبوط بھی ہوں

ہفتہ 15 جنوری 2022

سیدہ نازاں جبیں
رامین روتے روتے سو گئی تھی،کیونکہ اس کی گڑیا کے کپڑے پھٹ گئے تھے۔جب اس کی آنکھ کھلی تو اس نے دیکھا کہ گڑیا کے کپڑے بالکل ٹھیک تھے۔اچانک اس کے کمرے کی کھڑکی پر دو پرندے آ کر بیٹھ گئے۔رامین پرندوں کا بہت خیال رکھتی تھی۔یہ دونوں درزی پرندے کہلاتے ہیں۔انھوں نے کہا:”اچھی رامین!یہ کپڑے ہم نے سیے ہیں۔

”کیا واقعی تمہیں سلائی آتی ہے؟“رامین نے ان پرندوں سے پوچھا۔
”بالکل آتی ہے،تبھی تو ہمیں درزی پرندہ کہا جاتا ہے۔“درزی پرندے نے جواب دیا۔
”اچھا!تو تم اپنا گھونسلا بھی سلائی کرکے ہی بناتے ہو گے۔ذرا مجھے بھی تو بتاؤ کہ کیسے بناتے ہو تم اپنا گھونسلا؟“رامین نے دلچسپی سے پوچھا۔
مادہ پرندے نے بتایا:”سب سے پہلے تو ہم دونوں مل کر پتے جمع کرتے ہیں،پھر میں اپنے پیروں سے انھیں قریب لا کر اپنی تیز چونچ سے ان کے کنارے ملاتی ہوں اور پھر ان پتوں میں سوراخ کرکے مکڑی کے جالے،خشک گھاس پھوس،روئی وغیرہ کو دھاگے کی شکل دے کر اس سے پتوں کو سیتی ہوں۔

(جاری ہے)


”اور سوئی کہاں سے لاتی ہو؟“رامین نے اہم سوال کیا۔
”ہماری چونچ لمبی اور باریک ہوتی ہے۔ہم اسی سے سوئی کا کام لیتے ہیں۔پتوں کو ایک ساتھ ملا کر اور ان میں ٹانکے لگا کر ایک پیالے کی شکل دے دیتی ہوں۔“
مادہ پرندے نے جواب دیا۔”لیکن تم بغیر ناپ کے کیسے گھونسلا سی لیتی ہو؟“
رامین نے تجسس سے سوال کیا۔”پہلے میں خود کو ایک پتے میں لپیٹ کر دیکھتی ہوں،اگر ناپ ٹھیک نہیں ہوتا تو ایک یا دو پتے اور جوڑ لیتی ہوں اور پھر مزید اسی جسامت کے پتوں کو جمع کرکے سلائی کا کام شروع کرتی ہوں۔

مادہ درزی پرندے نے فخر سے بتایا۔”تم یا تمہارے بچوں کے بیٹھنے سے گھونسلا ٹوٹ نہیں جاتا؟“رامین نے پوچھا۔
”ہم بہت احتیاط سے چوڑے،مضبوط اور لچکدار پتوں کا انتخاب کرتے ہیں،تاکہ ہمارے گھر کی بناوٹ بھی اچھی ہو اور وہ مضبوط بھی ہوں۔“
نَر پرندے نے رامین کی اُلجھن دور کی۔”اور اگر کسی وجہ سے تمہارا گھونسلا ٹوٹ جائے یا خراب ہو جائے تو پھر کیا کرتے ہو؟“
”کسی نقصان یا ٹوٹ پھوٹ کی صورت میں اپنے گھر کی مرمت میں خود کرتی ہوں۔
مزید پتے لا کر یا ٹانکے لگا کر اسے جوڑ لیتی ہوں۔“مادہ نے فخریہ اپنے ہنر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا۔
”اس کے علاوہ ہم گھونسلے کے اندر نرم گھاس،جانوروں کے بال اور پَر بھرتے ہیں،تاکہ گھونسلا آرام دہ اور محفوظ ہو۔“
نَر پرندے نے بتایا۔”میری مدد کرنے کا بہت شکریہ درزی پرندوں!“رامین نے کہا۔
”کوئی بات نہیں،ہمیں ایک دوسرے کے کام آنا چاہیے۔“درزی پرندوں نے خوش اخلاقی سے کہا اور اُڑ گئے۔

Browse More Moral Stories