اے ٹی ایچ کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین آصف علی خان کا ہسپتال و کالج میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:04

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین میجر جنرل (ر) آصف علی خان نے ہسپتال و کالج میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ہسپتال میں مریضوں کیلئے ویٹنگ ایریا اور دیگر ضروری مسائل حل کرنے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خیال الرحمن نے بتایا کہ ویٹنگ ایریا کی تعمیر کا کام جاری ہے جس میں مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کیلئے واش رومز اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔

بحریہ دستر خواں کی توسیع کے سلسلہ میں بھی انہیں مجوزہ جگہ کا معائنہ کرایا گیا جہاں پر مریضوں کے لواحقین اور طلباء و طالبات کیلئے مفت کھانا مہیا کیا جائے گا۔ چیئرمین بورڈ نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال کو تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ مریض ذہنی تنائو کا شکار نہ ہوں، زیر تعمیر ڈینٹل کالج کی عمارت کا بھی معائنہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں تا کہ ضرورت کے مطابق طلباء کو سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ نے زیر تعمیر ایمرجنسی آپریشن تھیٹر بلاک کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے متعلقہ حکام کو آپریشن تھیٹرز پر کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات کیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن تھیٹرز کی تزئین و آرائش بین الاقوامی طرز پر کی جائیں، انفکیشن فری او ٹی بنائی جائیں، پرانے طرز کے آٹو کلیو کی جگہ سی ایس ایس ڈی سسٹم لگایا جائے، ریموٹ کنٹرول الیکٹرانک او ٹی و جدید انستھزیا مشینیں لگائی جائیں۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ ادارے کی مالی پوزیشن کو مستحکم بنانے کیلئے فارمیسی اور ٹک شاپ جیسی خوبصورت سٹرکچر بھی بنائے جائیں تا کہ ہسپتال کی سہولیات میں اضافہ ہو اور آمدن میں سے مریضوں کو جدید سہولیات مہیا کی جائیں۔ چیئرمین بورڈ نے موجودہ انتظامیہ بالخصوص ہاسپٹل ڈائریکٹر کی مجموعی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں