ایبٹ آباد کے گورنمنٹ کالجز کے مختلف بی ایس پروگراموں میں داخلہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن جاری

ہفتہ 25 ستمبر 2021 12:53

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2021ء) ایبٹ آباد کے گورنمنٹ کالجز کے مختلف بی ایس پروگراموں میں داخلہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ہر سرکاری کالج میں بی ایس پروگرام کیلئے مجموعی طور پر 40 نشستیں ہوتی ہیں جن میں سے 4 نشستوں کا کوٹہ ہے جن میں سے سپورٹس کیلئے 2، معذور افراد کیلئے ایک اور کالج ٹیچر وارڈز کی ایک نشست کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، ان چار نشستوں کے علاوہ باقی 36 نشستیں میرٹ کی بنیاد پر پر کی جاتی ہیں جس میں اوپن میرٹ کی 18 اور لوکل ڈسٹرکٹ کی 18 نشستیں ہیں۔

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ لوکل کوٹہ میں وہ تمام طلباء و طالبات آتے ہیں جن کے پاس اپنے ضلع کا ڈومیسائل ہو، کالج کے کسی فیڈنگ سکول سے پڑھے ہوں یا ان کے والدین نوکری کے سلسلہ میں کالج والے  شہر میں جاب کر رہے ہوں، یہ تمام لوکل مانے جاتے ہیں اور ان کی 18 سیٹس ہیں۔

(جاری ہے)

اوپن میرٹ میں لوکل اور دیگر اضلاع کے بچے اپلائی کر سکتے ہیں تاہم دیگر اضلاع کے بچوں کیلئے انٹرمیڈیٹ میں اے گریڈ کا ہونا ضروری ہے۔

جو بچے لوکل ہیں اور ان کے ایف اے/ایف ایس سی کے مارکس بہت زیادہ ہیں، انہیں اوپن میرٹ پر اپلائی کرنا چاہئے تاکہ لوکل کی نشستیں ان کے دیگر بہن بھائیوں کیلئے بچ جائیں، اگر آپ لوکل ہیں اور آپ کے نمبر کم ہیں تو پھر آپ لازماً لوکل کیٹیگری سیلیکٹ کریں، اگر اوپن میرٹ کی طرف گئے تو آپ کا داخلہ نہیں ہو سکے گا۔ اگر آپ کا نام پہلی میرٹ لسٹ میں نہیں آیا تو دو تین دن بعد دوبارہ ویب سائٹ کا دورہ کر کے اپلائی کریں، اپلائی کرنے کی فیس غالباً 100 روپے ہے، اگر آپ کے مارکس کم ہیں تو آپ ایک ہی کالج کے مختلف بی ایس پروگراموں میں اپلائی کر دیں تاکہ کہیں نہ کہیں آپ کا نام میرٹ پر آ جائے، اسی طرح آپ اپنے ضلع میں واقع باقی کالجز میں بھی دو دو تین تین پروگرامز میں اپلائی ضرور کریں تاکہ کسی نہ کسی کالج میں آپ کا داخلہ ہو جائے اور آپ کا سال ضائع نہ ہو، سرکاری کالجز میں سال میں ایک دفعہ داخلہ ہوتا ہے، اگر آپ کھلاڑی ہیں تو سپورٹس کوٹہ پر بھی اپلائی کریں۔


متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں